تھران: (مانیٹرنگ ڈسک) – اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے آج عمان کے وزیر خارجہ سید بن حمد بن حمود البوسعیدی کے ساتھ ایک اہم ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط کرنے اور خطے میں امن و سلامتی کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔

صدر پزشکیان نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کا نقطہ نظر اور عملی رویہ خطے اور تمام اسلامی ممالک کے درمیان امن اور سلامتی کو فروغ دینا ہے۔ انھوں نے عمان کے ساتھ تعلقات کو دیرینہ، صمیمی اور دوستانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ تعلقات مختلف شعبوں میں وسیع ہوئے ہیں اور ان کی توسیع بہت اہم ہے۔
ملاقات کے دوران، دونوں رہنماؤں نے مشترکہ اقتصادی تعاون کمیشن کے آئندہ اجلاس کے انعقاد پر اتفاق کیا جو عنقریب ہونے والا ہے۔ صدر پزشکیان نے توقع ظاہر کی کہ اس کے ذریعے ماضی کے معاہدات کو عملی جامہ پہنانے اور نئے تفاہمات کو حاصل کرنے کی راہ ہموار ہوگی۔
اس موقع پر، عمان کے وزیر خارجہ نے سلطان عمان کی طرف سے ایران کے رہبر، صدر ایران اور ایرانی عوام کے لیے گرمجوش سلامتی کا پیغام پہنچایا۔ انھوں نے تعلقات کی تاریخی اور اعتماد پر مبنی نوعیت کو اجاگر کیا اور کہا کہ عمان ایران کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔
ملاقات میں یہ بات بھی زیر بحث آئی کہ خطے کے ممالک اور مسلم امتوں کے درمیان اختلافات سے دیگر عناصر فائدہ اٹھا سکتے ہیں، جو قطعاً قابل قبول نہیں ہے۔ دونوں ممالک نے اس بات پر زور دیا کہ مسلم ممالک کو متحد ہو کر ان کا مقابلہ کرنا ہوگا۔