شال ( مانیٹرنگ ڈیسک ) بلوچستان ضلع پشین خانوزئی سے گُزشتہ ہفتہ اغواء ہونیوالے مغوی تاجر حاجی محمد قاسم کو لیویز فورس نے شال سے بازیاب کروا لیا جبکہ نامعلوم اغواکار موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

آپ کو علم ہے 28 نومبر کی شب مقامی تاجر کو انکی رہائشگاہ خانوزئی سے اسلحے کے زور پر نامعلوم افراد نے اغواء کیا تھا جسکے بعد اسی شب انکے اہل خانہ نے مرکزی شاہراہ کو احتجاجا بند کیا تھا اور بعد میں ضلعی انتظامیہ کی اپیل اور مغوی کی بازیابی کی یقین دہانی پر اہل خانہ نے شاہراہ پر احتجاج ختم کیا تھا ،جبکہ مغوی کی بازیابی کیلئے آج بروز منگل کو بھی آل پارٹیز کی جانب سے مرکزی شاہراہ پر کئی گھنٹے احتجاج جاری رہا۔
بتایا جارہاہے کہ مغوی حاجی محمد قاسم کی بازیابی کیلئے ڈپٹی کمشنر پشین زاہد خان کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر کاریزات امیر حمزہ نے مسلسل کارروائیوں کے بعد آج مغوی کو شال سے باحفاظت بازیاب کرالیا جبکہ اغواکار موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔