شال ( مانیٹرنگ ڈیسک ) مجھے بی بی سی کی 100 خواتین کی فہرست میں شامل ہونے پر گہری خوشی اور اعزاز محسوس ہو رہا ہے یہ نہ صرف میری بلکہ بلوچ خواتین، لاپتہ افراد کے اہل خانہ، اور بلوچ حقوق کے کارکنوں کی اجتماعی جدوجہد کی پہچان ہے۔
ان خیالات کا اظہار بلوچ یکجہتی کمیٹی کے مرکزی آرگنائزر ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ نے جاری بیان میں کیا ہے ۔
انہوں نے کہا ہےکہ بلوچ عوام شدید جبر کے باوجود انصاف اور انسانی حقوق کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں اس اعتراف نے مظلوم طبقوں کے لیے امید کا چراغ روشن کیا ہے اور اس بات کو اجاگر کیا ہے کہ ظلم کے خلاف مزاحمت ہی طاقت ہے۔
ماہ رنگ بلوچ نے اس اعزاز کو لاپتہ بلوچ افراد کی ماؤں اور بلوچ قوم کے نام کرتے ہوئے کہاہے کہ انھوں نے جبری گمشدگیوں، ماورائے عدالت قتل، اور دیگر مظالم کا سامنا کرنے کے باوجود خاموشی کے بجائے جدوجہد کو ترجیح دے ہے۔
انھوں نے مزید کہاہے کہ ماؤں کی حوصلہ مندی اور مزاحمت انسانی حقوق کے لیے جاری سفر میں سب کے لیے باعثِ فخر ہے۔
ڈاکٹر ماہ رنگ نے آخر میں کہا ہے کہ بی بی سی کا شکریہ، جس نے ہماری آواز کو تقویت دی اور ہماری جدوجہد کو تسلیم کیا۔