پاکستانی فورسز کے ہاتھوں مزید 7 بلوچ جبری لاپتہ، 15 سالہ طالب علم ماورائے عدالت قتل

بلوچستان کے مختلف علاقوں اور کراچی سے مزید 7 افراد کو پاکستانی فورسز اور خفیہ اداروں نے حراست میں لینے کے بعد جبری طور پر لاپتہ کر دیا ہے، جبکہ تمپ میں دو ماہ قبل لاپتہ کیے گئے 15 سالہ طالب علم زبیر کی لاش برآمد ہوئی ہے جسے ماوارائے عدالت قتل کردیا گیا ہے۔

بلوچ یکجہتی کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ ڈیٹا کے مطابق تمپ کے علاقے گومازی سے تعلق رکھنے والے 15 سالہ طالب علم زبیر ولد داد کریم کو 3 ستمبر 2026 کو مند سے تمپ جاتے ہوئے آزیان کے قریب ایف سی اہلکاروں نے جبری طور پر لاپتہ کیا تھا۔

دو ماہ اور نو روز تک لاپتہ رہنے کے بعد 12 نومبر 2026 کو نہنگ کور کلاہو، تمپ سے ان کی لاش ملی۔ تنظیم نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

دوسری جانب بلوچستان کے مختلف علاقوں سے سات افراد جبری طور پر لاپتہ کئے گئے ہیں جن میں محمد ابراہیم، اسفند، محدالدین، دانیال، نور محمد، طارق اور فاروق گدور شامل ہیں جو مختلف تاریخوں میں جبری گمشدگی کے شکار ہوئے ہیں۔

بلوچ یکجہتی کمیٹی کی پیش کردہ تفصیلات کے مطابق محمد ابراہیم ولد گل محمد (عمر 18 سال)، کلی شریف خان نوشکی کے رہائشی اور رکشہ ڈرائیور ہیں جنہیں 11 نومبر 2026 کو صبح 11:30 بجے صاحبزادہ روڈ نوشکی سے ایف سی اہلکاروں نے حراست میں لے کر لاپتہ کر دیا ہے۔

دوسری جانب اسفند ولد علی محمد شاہوانی (عمر 17 سال) اور محی الدین ولد علی محمد شاہوانی (عمر 16 سال)، دونوں بھائی ٹاور اسٹریٹ، گاہی خان چوک کوئٹہ کے رہائشی اور ڈیری فارم ورکر ہیں، جنہیں 24 اکتوبر 2026 کو رات 1:30 بجے گھر سے سی ٹی ڈی (CTD) نے حراست میں لے کر لاپتہ کر دیا۔

اسی طرح دانیال بلوچ ولد امان اللہ (عمر 23 سال)، جو کہ کلی ترخہ کوئٹہ کے رہائشی اور سکیورٹی گارڈ ہیں، 15 نومبر 2026 کو رات 2:00 بجے کلی ترخہ سے آئی ایس آئی اور سی ٹی ڈی کے ہاتھوں جبری گمشدگی کا شکا ہوئے ہیں۔

نور احمد ولد ایوب (عمر 25 سال) جو غریب آباد پروم پنجگور کے رہائشی اور مزدور ہیں، کو 12 نومبر 2026 کو رات 9:00 بجے کدان پروم سے مبینہ طور پر ڈیتھ اسکواڈ کے اہلکاروں نے حراست میں لے کر لاپتہ کیا۔ رپورٹ کے مطابق نور احمد کو دوسری مرتبہ جبری گمشدگی کا شکار ہوئے ہیں۔

طارق ولد آدم (عمر 21 سال) جو سیاکی بازار پروم پنجگور کے رہائشی اور پیشے سے مزدور ہے، کو 9 نومبر 2026 کو صبح 9:00 بجے جیرک کراسنگ پوائنٹ پروم سے ایف سی نے لاپتہ کیا ہے جبکہ فاروق گدور جو کہ ماڑی پور کراچی کے رہائشی اور پیشے سے دکاندار ہے، کو 11 نومبر 2026 کو صبح 7:00 بجے مین ماڑی پور اسٹاپ کراچی میں ان کی دکان سے خفیہ اداروں (ISI/MI) نے حراست میں لے کر لاپتہ کر دیا ہے۔

متاثرہ خاندانوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے لاپتہ افراد کی فوری بازیابی اور ماورائے عدالت اقدامات روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔

مدیر

نیوز ایڈیٹر زرمبش اردو

مدیر

نیوز ایڈیٹر زرمبش اردو

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

توجہ فرمائیں

زرمبش اردو

زرمبش آزادی کا راستہ

زرمبش اردو ، زرمبش براڈ کاسٹنگ کی طرف سے اردو زبان میں رپورٹس اور خبری شائع کرتا ہے۔ یہ خبریں تحریر، آڈیوز اور ویڈیوز کی شکل میں شائع کی جاتی ہیں۔

آسان مشاہدہ