
سبی کے نواحی علاقے کورٹ باروزئی سے چار افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، جنہیں پولیس نے اپنی تحویل میں لے کر فوری طور پر سول ہسپتال سبی منتقل کر دیا۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق چار لاشوں میں سے تین افراد کی شناخت ہو چکی ہے۔ جاں بحق افراد میں گلزار خان ولد بالاچ خان، عبدالوحید ولد عتبار خان شامل ہیں، جن کا تعلق سنی، ضلع کچھی سے بتایا جاتا ہے، جبکہ تیسری لاش کی شناخت اسد اللہ ولد نامعلوم کے نام سے ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق چوتھے شخص کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی، جس کی لاش سول ہسپتال سبی کے سردخانے میں رکھی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اطلاع ملتے ہی اہلکار موقع پر پہنچ گئے، علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے گئے اور واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق نامعلوم شخص کی شناخت کے لیے مقامی افراد سے رابطہ کیا جا رہا ہے، جبکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے تفتیش جاری ہے۔