
بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے عومری کہن شاپک کے رہائشی غلام جان جو پیشے کے لحاظ سے پولیس اہلکار ہیں، کو 26 مئی کو پاکستانی خفیہ اداروں کے اہلکاروں نے جبری طور پر لاپتہ کیا تھا۔ غلام جان کی بازیابی کے لیے لواحقین نے احتجاجاً سی پیک روڈ کو بند کر کے دھرنا دے رکھا ہے۔
دھرنے میں لاپتہ افراد کے لواحقین سمیت بڑی تعداد میں لوگ شریک ہیں۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس سے قبل انتظامیہ سے ملاقات کی جنہوں نے بتایا کہ غلام جان بے گناہ ہیں اور انہیں شک کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے کہا ہے کہ انہوں نے بھی فورسز سے اپیل کی ہے کہ اگر غلام جان بے گناہ ہیں تو انہیں عدالت میں پیش کیا جائے۔
مظاہرین کے مطابق ان کا احتجاج آج چار دن مکمل کر چکا ہے لیکن سرکار کی جانب سے تاحال کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ لواحقین اس سے قبل بھی احتجاجی مظاہرہ کر چکے ہیں۔