شال ( مانیٹرنگ ڈیسک )ڈیرہ بگٹی پیرکوہ سے ڈیرہ بگٹی جانے والی مسافر گاڑی حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں کنڈیکٹر ھلاک جبکہ ڈرائیور سمیت 9 افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں سے 3 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔لیویز حکام کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب گاڑی ایک موڑ کاٹتے ہوئے الٹ گئی۔ حادثے میں کنڈیکٹر مہردین نوسانی بگٹی موقع پر ہی ھلاک ہو گیا، جبکہ ڈرائیور علی گل بگٹی سمیت 9 مسافر زخمی ہو گئے، جن میں ایک 10 سالہ بچی بھی شامل ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی لیویز اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے اور زخمیوں کو سول اسپتال ڈیرہ بگٹی منتقل کر دیا۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال میں طبی عملے نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی۔ معمولی زخمیوں کو طبی امداد کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا، جبکہ شدید زخمیوں کو پی پی ایل ویلفیئر اسپتال سوئی اور شیخ زید اسپتال رحیم یار خان ریفر کر دیا گیا۔
علاقہ مکینوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ حادثات کی روک تھام کے لیے مسافر گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو محتاط ڈرائیونگ کی سختی سے ہدایت دی جائے تاکہ قیمتی جانوں کا ضیاع روکا جا سکے۔
ہرنائی کی تحصیل شاہرگ میں کوئلہ کان میں حادثے کے نتیجے میں ایک کانکن جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔لیویز ذرائع کے مطابق کوئلہ کان میں مٹی کا تودا گرنے سے کانکن لعل بادشاہ دب کر ھلاک ہو گیا۔ لاش کو ریسکیو کر کے رورل ہیلتھ سینٹر شاہرگ منتقل کر دیا گیا، جہاں ضروری کارروائی کے بعد اسے ورثا کے حوالے کر دیا گیا۔ھلاک کانکن خیبرپختونخوا کے علاقے اپر دیر کا رہائشی تھا۔

مستونگ اور گردونواح میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس سے موسم خوشگوار ہوگیا، تاہم بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور مرکزی شاہراہوں پر پھسلن کی وجہ سے متعدد حادثات پیش آئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق ان حادثات میں 19 افراد زخمی ہوئے، جنہیں فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔ ریسکیو 1122 کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی، جبکہ شدید زخمیوں کو شہید نواب غوث بخش رئیسانی میموریل اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ مزید جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ متعلقہ حکام نے شہریوں کو دوران سفر احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب کوہلو شہر اور گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ مزید جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ شہریوں نے سرد موسم میں بارش سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ ساتھ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل بھی کی ہے۔
یہاں ڈیرہ بگٹی شہر اور گردونواح میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔بارش کے بعد موسم مزید خوشگوار اور سرد ہو گیا، جبکہ شہریوں نے گرم کپڑوں اور دیگر حفاظتی تدابیر اپنانا شروع کر دی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ آئندہ چند روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب پشین شہر اور گردونواح میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث موسم مزید سرد ہو گیا ہے۔شہریوں کو سوئی گیس کے کم پریشر کے باعث مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جس سے گھریلو امور خصوصا کھانے پکانے میں دشواری پیش آ رہی ہے۔ مقامی افراد نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ گیس پریشر کو فوری بحال کیا جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔

وندر شال کراچی مرکزی شاہراہ N-25 پر حسن ہوٹل کے قریب تیز رفتاری کے باعث کار اور رکشہ میں تصادم کے نتیجے میں چار افراد زخمی ہوگئے، جبکہ وندر سٹی کے قریب تیز رفتار موٹر سائیکل حادثے میں مزید ایک شخص زخمی ہوا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق مرک 1122 کو مقامی افراد کی جانب سے اطلاع ملتے ہی میڈیکل ایمرجنسی ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی، جبکہ دو شدید زخمیوں کو تشویشناک حالت میں کراچی ٹراما سینٹر ریفر کر دیا گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثے کی بنیادی وجہ تیز رفتاری اور لاپرواہی بتائی جا رہی ہے۔ مقامی افراد نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ شاہراہ پر ٹریفک قوانین کے نفاذ کو یقینی بنایا جائے تاکہ حادثات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔