بلوچستان کے دارالحکومت شال سے اطلاعات ہیں کہ نامعلوم افراد نے کیچ بیگ پولیس اسٹیشن پر دستی بم حملہ کردیا، تاہم نقصانات بارے معلومات نہیں مل سکے ہیں۔
اس طرح تربت شہر میں اتوار کی شب ساڑھے نو بجے کے بعد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جس کے بعد فائرنگ کی گئی تاہم فوری طور پر دھماکوں کی نوعیت اور جگہ کا تعین نہیں ہوسکا ہے ۔
علاوہ ازیں خضدار میں بھی بم دھماکے کی اطلاعات ہیں مگر جگہ کا تعین نہیں ہو پایاہے۔
ادھر ضلع مستونگ سے بھی دھماکوں کی اطلاع ہے بتایا جارہاہے کہ نامعلوم افراد نےمستونگ ٹاون کی حدود میں شال سے تفتان جانے والی ریلوے ٹریک کو دو جگہوں پر دھماکہ خیز مواد رکھ کر اڑادیا ہے۔ جس کی وجہ سے ریل کی آمدورفت بند ہے ۔
دریں اثناء پنجگور میں مسلح افراد نے پاکستانی چیک پوسٹ کو حملے میں نشانہ بنایا ہے-
اطلاعات کے مطابق پنجگور شہر میں پاکستانی فورسز کے رخشان چوکی پر مسلح افراد کا حملہ، متعدد دھماکوں سمیت فائرنگ کی آواز سنی گئی۔
واضح رہے کہ مذکورہ علاقے میں بلوچ آزادی پسند مسلح تنظیمیں متحرک ہیں اور پاکستانی فورسز پر حملے کرتے رہتے ہیں تاہم آج ہونے والے حملے کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ہے-
مذکورہ حملوں کی ذمہ داریاں تاحال کسی مسلح تنظیموں نے قبول نہیں کی ہے۔