
بلوچستان کے علاقے نال اور پسنی سے پاکستانی فورسز کے ہاتھوں دو نوجوانوں کی جبری گمشدگی کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جبکہ جھل مگسی سے مسلح افراد کے ہاتھوں مغوی تین نوجوان بازیاب ہو کر گھر پہنچ گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے استخلی نال کے رہائشی اشرف ولد جمعہ گزشتہ 9 روز سے جبری گمشدگی کا شکار ہیں۔
اہلِ خانہ کے مطابق انہیں پاکستانی فوج نے حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کیا، تاہم نو روز گزرنے کے باوجود ان کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں ہو سکیں، جس کے باعث اہلِ خانہ نے ان کی سلامتی کے حوالے سے شدید خدشات کا اظہار کیا ہے۔
کہا جا رہا ہے کہ اس سے قبل اشرف ولد جمعہ کے رشتہ دار الٰہی بخش کو بھی 30 اکتوبر کو پاکستانی فورسز نے حراست میں لیا تھا۔
اہلِ خانہ کے مطابق، الٰہی بخش کو حراست میں لینے کے بعد 2 نومبر کو قتل کیا گیا اور بعد ازاں ان کی لاش پھینک دی گئی، جس کے بعد اشرف کی گمشدگی نے خاندان کی تشویش میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
دوسری جانب بلوچ یکجہتی کمیٹی (بی وائی سی) کی جانب سے 18 نومبر 2026 کو جاری کردہ ایک رپورٹ (حوالہ نمبر: BYC/2026/415) میں ضلع گوادر کے تحصیل پسنی سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان استاد کی جبری گمشدگی کی تفصیلات جاری کی گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 23 سالہ سرتاج ولد خیر بخش، جو سردشت کلانچ (گوادر) کے رہائشی اور پیشے کے اعتبار سے جے وی ٹی (JVT) ٹیچر ہیں، جبری گمشدگی کا شکار ہیں۔
بی وائی سی کے ریکارڈ کے مطابق سرتاج کو 3 ستمبر 2026 کو صبح 11 بجے پسنی کے گرڈ اسٹیشن سے خفیہ ادارے (ایم آئی) کے اہلکاروں نے حراست میں لے کر لاپتہ کر دیا۔
واضح رہے کہ اس سےقبل گذشتہ مہینے پسنی میں ایک اسکول ٹیچر پرویز احمد کوقتل کیا تھا ۔
خاندانی ذرائع کے مطابق ماسٹر پرویز مزار کو نامعلوم افراد نے پسنی بازار سے اٹھایا تھا جس کے بعد ان کو قتل کرکے ان کی لاش پھینک دی گئی تھی۔
بعد ازاں مقتول پرویز احمد کی اہلخانہ نے ان کے قتل کے مقدمے میں شاہ بخش ولد سردار عزیز، مسلم حاصل ولد حاصل خان، محمد جمیل ولد محمد شریف، سعید احمد ولد علی احمد اور بالاچ کو نامزد کیا جن کا تعلق ریاستی ڈیتھ اسکواڈز سے ہے، جو قتل و غارت گری سمیت متعدد سماجی برائیوں میں ملوث ہیں اور انہیں پاکستانی فوج و خفیہ اداروں کی سرپرستی میں مکمل استثنیٰ حاصل ہے۔
جبکہ بلوچستان کے علاقے جھل مگسی سے اطلاعات ہیں کہ گذشتہ روزکوٹٹڑ ندی سے اغواء ہونے والے تینوں نوجوان بازیاب ہوکر گھر پہنچ گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق جھل مگسی تحصیل گنداواہ پولیس تھانہ کوٹٹڑہ کی حدود کوٹڑہ ندی کے مقام پر گزشتہ روز نا معلوم مسلح افراد کے ہاتھوں اغواءہونے والے تین مقامی نوجوان میر ریاض ایلتازئی طارق لاشاری اور طریل خان لاشاری بازیاب ہوکر اپنے گھروں کو پہنچ گئے ہیں۔
