
افغان میڈیا کے مطابق دھماکہ کنڑ کے مرکزی شہر اسعد آباد میں شگی مڈل اسکول کے قریب واقع ایک گھر میں رکھے دھماکہ خیز مواد کے پھٹنے سے ہوا۔
کنڑ کے محکمہ اطلاعات و ثقافت کے سربراہ سمیع الحق نے صوبائی اسپتال کے حکام کی معلومات کی بنیاد پر میڈیا کو بتایا کہ دھماکے کے بعد 7 افراد کی لاشیں اور 97 زخمیوں کو صوبائی اسپتال منتقل کیا گیا۔
سمیع الحق کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والے بعض افراد کو معمولی چوٹیں آئی تھیں، جنہیں طبی امداد فراہم کرنے کے بعد اسپتال سے فارغ کر کے گھروں کو بھیج دیا گیا ہے۔ جبکہ متعدد زخمی اب بھی صوبائی اسپتال میں زیر علاج ہیں اور انہیں طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
کنڑ کے محکمہ اطلاعات و ثقافت کے سربراہ کے مطابق دھماکہ کان کنی اور کنڑ۔نورستان شاہراہ پر پتھروں کو توڑنے کے لیے استعمال ہونے والے دھماکہ خیز مواد کے پھٹنے سے ہوا۔
دوسری جانب اسلامی امارت افغانستان کی وزارت داخلہ کے ترجمان عبدالمتین قانع نے کہا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکہ شگی مڈل اسکول کے قریب کان کنی کی کمپنیوں کے دھماکہ خیز مواد کے ایک ذخیرہ گاہ میں ہوا۔
ان کے مطابق ابتدائی طور پر دھماکے کی وجہ غفلت اور احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنا بتائی جا رہی ہے۔
وزارت داخلہ کے ترجمان عبدالمتین قانع نے کہا کہ واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لینے اور دھماکے کی اصل وجوہات معلوم کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد واقعے سے متعلق مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی۔
