
بلوچ یکجہتی کمیٹی نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ مکران کوسٹل ہائی وے ایک بار پھر بلوچ خون سے سرخ ہو گئی۔ 19 نومبر 2026 کو اورماڑہ کے علاقے بسول کے قریب تربت سے کراچی جانے والی مسافر کوچ اور ایل پی جی باؤزر کے درمیان ہولناک تصادم ہوا۔ دونوں گاڑیاں آگ کی لپیٹ میں آ گئیں، اور ایک خاتون اور تین بچوں سمیت کم از کم 11افراد جھلس کر جاں بحق جبکہ 33شدید زخمی ہوئے۔ ریاست اور اس کے ادارے اسے ایک اور ٹریفک حادثہ قرار دے کر فائل بند کرنا چاہتے ہیں۔ مگر بلوچ یکجہتی کمیٹی واضح کرتی ہے کہ یہ حادثہ نہیں، بلکہ اُس سست رو تشدد اور ساختی نسل کشی کی ایک اور کڑی ہے جو برسوں سے بلوچ قوم پر مسلط ہے۔
کمیٹی کا کہنا ہے کہ صرف رواں برس جنوری میں اورماڑہ کے قریب ہڈ گوٹھ کے مقام پر مسافر کوچ الٹنے سے 10 افراد جاں بحق ہوئے۔ مارچ میں مانجھی کے مقام پر سڑک پر کھڑے ایک خراب گیس ٹینکر کے باعث ہونے والے تصادم میں ایک بچے سمیت 7 افراد مارے گئے۔ اگست میں اورماڑہ کے قریب گیس باؤزر سے ٹکرانے والی کار میں دو خواتین اور دو بچوں سمیت 6 افراد لقمۂ اجل بنے۔ اور اب بسول میں مزید11جانیں اس شاہراہ کی نذر ہو گئیں۔ گزشتہ برس نومبر میں بھی کنڈ ملیر کے قریب ایک مسافر کوچ ایل پی جی باؤزر سے ٹکرا کر شعلوں کی لپیٹ میں آ گئی تھی۔ ریسکیو کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق صرف 2024 میں لسبیلہ اور گوادر کے علاقوں میں اس شاہراہ پر 532 ٹریفک حادثات رپورٹ ہوئے۔ الگ الگ دیکھا جائے تو یہ چند خبریں ہیں۔ مگر یکجا کیا جائے تو یہ ایک ایسی شاہراہ کی کہانی ہے جو بلوچ کو منظم انداز میں نگل رہی ہے۔ یہی سست رو تشدد کی پہچان ہے، اس کا ہر وار چھوٹا دکھائی دیتا ہے، مگر اس کا مجموعی نتیجہ ایک قوم کی بتدریج تباہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 653 کلومیٹر طویل مکران کوسٹل ہائی وے (N-10) آج بھی ایک سنگل روڈ ہے۔ اس پر مسافر کوچز، ایل پی جی اور تیل بردار باؤزر، مال بردار ٹرک اور دیگر بھاری ٹریفک ایک ہی تنگ راستے پر آمنے سامنے دوڑتے ہیں۔ ریاست گوادر پورٹ، سی پیک اور میگا پروجیکٹس کے نام پر اربوں ڈالر کے منصوبوں کا ڈھنڈورا پیٹتی ہے۔ مگر جس شاہراہ پر بلوچ عوام روزانہ سفر کرتے ہیں وہاں نہ ڈبل روڈ ہے، نہ خطرناک مواد لے جانے والی گاڑیوں کے لیے کوئی مؤثر ضابطہ، نہ ٹراما سینٹرز اور نہ ہی فوری ریسکیو کا کوئی قابلِ اعتماد نظام۔ اس شاہراہ پر قدم قدم پر سیکیورٹی چیک پوسٹیں تو قائم ہیں، جہاں بلوچ مسافروں کی تلاشی اور تذلیل معمول بن چکی ہے۔ مگر جھلسے ہوئے زخمیوں کے لیے برن یونٹس اور ایمبولینسیں نہ ہونے کے برابر ہیں۔ بسول کے شدید جھلسے زخمیوں کو بھی اورماڑہ اور پسنی کے اُن ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا جہاں ایسے مریضوں کے علاج کی سہولیات ناکافی ہیں۔ ریاست کے پاس بلوچ کی نگرانی کے لیے وسائل ہیں، مگر بلوچ کی جان بچانے کے لیے نہیں، یہی ساختی تشدد کی اصل تعریف ہے۔ یہ ترجیحات ثابت کرتی ہیں کہ یہ شاہراہ بلوچ عوام کے لیے نہیں بلکہ وسائل کی ترسیل، بندرگاہی تجارت اور عسکری نقل و حرکت کے لیے بنائی گئی ہے۔ اس پر بلوچ محض ایک ایسا مسافر ہے جس کی موت ریاست کے لیے کوئی معنی نہیں رکھتی۔
انکا کہنا ہے کہ نسل کشی صرف اجتماعی قتلِ عام کا کوئی ایک واقعہ نہیں ہوتی، بلکہ یہ ایک ڈھانچہ بھی ہو سکتی ہے جو برسوں تک خاموشی سے کام کرتا رہے۔ خود اقوامِ متحدہ کا نسل کشی کنونشن (1948) اپنے آرٹیکل 2(ج) میں کسی قومی، نسلی یا مذہبی گروہ پر دانستہ طور پر ایسے حالاتِ زندگی مسلط کرنے کو بھی نسل کشی میں شمار کرتا ہے جن کا مقصد اس گروہ کی کلی یا جزوی جسمانی تباہی ہو۔ بلوچستان میں جبری گمشدگیاں، مسخ شدہ لاشیں اور ماورائے عدالت قتل اس نسل کشی کا نمایاں چہرہ ہیں۔ جبکہ مکران کوسٹل ہائی وے جیسی موت کی شاہراہیں، تباہ حال ہسپتال اور بنیادی سہولیات سے محرومی اس کا خاموش اور سست رو چہرہ ہیں۔ دونوں کا ہدف ایک ہی ہے، بلوچ قوم کی بتدریج تباہی۔
بیان میں کمیٹی نے مزید کہا کہ ہر سانحے کے بعد تعزیتی بیانات، رپورٹ طلب کرنے اور انکوائری کے احکامات کی رسم دہرائی جاتی ہے۔ رواں برس جنوری کے حادثے کے بعد بھی یہی ہوا، مگر ہر اگلا حادثہ ثابت کر دیتا ہے کہ نہ سڑک بدلی اور نہ نظام۔ سست رو تشدد کی سب سے خطرناک خصوصیت یہی ہے کہ اسے معمول بنا دیا جاتا ہے۔ لاشیں گنی جاتی ہیں، خبریں چھپتی ہیں اور پھر سب کچھ بھلا دیا جاتا ہے، یہاں تک کہ اگلی کوچ جل جائے۔ ان اموات کو محض حادثات”قرار دینا دراصل ریاستی جرم پر پردہ ڈالنے اور ذمہ داری سے فرار کا ایک ہتھیار ہے۔
بلوچ یکجہتی کمیٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ مکران کوسٹل ہائی وے کو فوری طور پر ڈبل روڈ میں تبدیل کیا جائے اور اس کے لیے مقررہ مدت کا اعلان کیا جائے۔ ایل پی جی اور تیل بردار باؤزرز سمیت خطرناک مواد لے جانے والی گاڑیوں کے لیے سخت حفاظتی ضوابط، رفتار کی نگرانی اور فٹنس کا مؤثر نظام نافذ کیا جائے۔ شاہراہ کے مختلف مقامات پر ٹراما سینٹرز، برن یونٹس، ایمبولینس سروس اور فوری ریسکیو مراکز قائم کیے جائیں ۔ زخمیوں کا مکمل اور مفت علاج یقینی بنایا جائے اور جاں بحق افراد کے لواحقین کو معاوضہ دیا جائے۔ یہ مطالبات کوئی رعایت یا احسان نہیں، بلکہ عوام کی زندگیوں کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلوچ کی جانیں محض اعداد و شمار نہیں جنہیں ہر چند ماہ بعد ایک نئی خبر کی صورت میں درج کر کے بھلا دیا جائے۔ بلوچ قوم اس سست رو تشدد اور ساختی نسل کشی کو معمول بنانے کی ہر کوشش کو مسترد کرتی ہے۔ بلوچ یکجہتی کمیٹی بلوچ عوام، ٹرانسپورٹرز، سول سوسائٹی اور تمام باشعور حلقوں سے اپیل کرتی ہے کہ وہ اس مجرمانہ غفلت کے خلاف خاموش نہ رہیں۔ وہ پرامن، منظم اور مسلسل جدوجہد کے ذریعے اپنی آواز بلند کریں۔ خاموشی اب کوئی راستہ نہیں، یہی خاموشی اگلی لاش کی ضمانت ہے۔