صغیر احمد بلوچ اور اقرار بلوچ کی بازیابی کے لیے احتجاج تیسرے روز جاری رہا

وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (VBMP) کے زیرِ اہتمام جبری گمشدگیوں کے خلاف کوئٹہ پریس کلب کے سامنے قائم احتجاجی کیمپ میں صغیر احمد بلوچ اور اقرار بلوچ کے اہلِ خانہ مسلسل تیسرے روز بھی اپنے پیاروں کی بازیابی کے لیے احتجاج ریکارڈ کرایا۔

احتجاج کے دوران صغیر احمد بلوچ اور اقرار بلوچ کی بہن نسیدہ بلوچ نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بھائیوں کو 11 جون 2025 کو اورماڑہ چیک پوسٹ کے قریب سے مبینہ طور پر ملکی اداروں کے اہلکاروں نے حراست میں لینے کے بعد جبری طور پر لاپتہ کر دیا۔ اس دن سے آج تک ان کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپنے بھائیوں کی باحفاظت بازیابی اور ان کے بارے میں معلومات کے حصول کے لیے متعلقہ کمیشن، حکومت اور اعلیٰ حکام سے متعدد بار رجوع کیا، لیکن اس کے باوجود نہ ان کے بھائی بازیاب ہوئے اور نہ ہی ان کے حوالے سے کوئی معلومات فراہم کی گئیں، جس کی وجہ سے ان کا خاندان شدید ذہنی اذیت سے دوچار ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ صغیر احمد بلوچ اور اقرار بلوچ کو فوری طور پر باحفاظت بازیاب کیا جائے۔ اگر ان پر کوئی الزام ہے تو انہیں منظرِ عام پر لا کر عدالت میں پیش کیا جائے۔

اس موقع پر آصف بلوچ اور رشید بلوچ کے اہلِ خانہ نے بھی اپنے پیاروں کی جبری گمشدگی کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرایا۔

انہوں نے کہا کہ ان کے بھائیوں کی جبری گمشدگی کو آٹھ سال مکمل ہونے والے ہیں۔ اس عرصے کے دوران انہوں نے عدلیہ، متعلقہ کمیشن اور حکومت سے رجوع کرنے کے ساتھ مسلسل احتجاج بھی کیا، لیکن تاحال ان کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی جا رہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کے بھائیوں کے ساتھ جبری طور پر لاپتہ کیے گئے دیگر افراد بازیاب ہو چکے ہیں۔ ان کی گرفتاری کے حوالے سے الیکٹرانک میڈیا پر بھی خبریں نشر ہوئی تھیں کہ انہیں ملکی اداروں نے حراست میں لیا تھا، لیکن اس کے باوجود آج تک انہیں منظرِ عام پر نہیں لایا گیا اور نہ ہی ان کے اہلِ خانہ کو ان کے بارے میں معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ آصف بلوچ، غفور بلوچ، راشد بلوچ، رشید بلوچ اور دیگر لاپتہ افراد سمیت اقرار بلوچ اور صغیر احمد بلوچ کو فوری طور پر بازیاب کیا جائے۔

اس موقع پر وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ صغیر احمد بلوچ اور اقرار بلوچ کے اہل خانہ گزشتہ تین روز سے وی بی ایم پی کے احتجاجی کیمپ میں اپنا احتجاج ریکارڈ کرا رہے ہیں۔ ان کے احتجاج کا مقصد حکومت اور ملکی اداروں کے سربراہان کی توجہ اپنے پیاروں کی جبری گمشدگیوں کی جانب مبذول کرانا اور ملکی قوانین کے تحت انصاف کا حصول ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر لاپتہ افراد پر کوئی الزام ہے تو انہیں منظرِ عام پر لا کر عدالت میں پیش کیا جائے، اور اگر وہ بے قصور ہیں تو ان کی فوری بازیابی یقینی بنائی جائے۔

نصراللہ بلوچ نے حکومت اور ملکی اداروں کے سربراہان سے مطالبہ کیا کہ صغیر احمد بلوچ اور اقرار بلوچ کو فوری طور پر باحفاظت بازیاب کیا جائے، تمام جبری لاپتہ افراد کی بازیابی یقینی بنائی جائے، لاپتہ بلوچ افراد کے ماورائے عدالت قتل کا سلسلہ بند کیا جائے اور جبری گمشدگیوں کے خاتمے کے لیے فوری اور عملی اقدامات کیے جائیں۔

مدیر

نیوز ایڈیٹر زرمبش اردو

مدیر

نیوز ایڈیٹر زرمبش اردو

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Next Post

مکران کوسٹل ہائی وے پر جلتی بلوچ لاشیں حادثات نہیں بلکہ ریاست کی سست رو اور ساختی نسل کشی ہیں۔ بلوچ یکجہتی کمیٹی

جمعہ نومبر 20 , 2026
بلوچ یکجہتی کمیٹی نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ مکران کوسٹل ہائی وے ایک بار پھر بلوچ خون سے سرخ ہو گئی۔ 19 نومبر 2026 کو اورماڑہ کے علاقے بسول کے قریب تربت سے کراچی جانے والی مسافر کوچ اور ایل پی جی باؤزر کے درمیان ہولناک […]

توجہ فرمائیں

زرمبش اردو

زرمبش آزادی کا راستہ

زرمبش اردو ، زرمبش براڈ کاسٹنگ کی طرف سے اردو زبان میں رپورٹس اور خبری شائع کرتا ہے۔ یہ خبریں تحریر، آڈیوز اور ویڈیوز کی شکل میں شائع کی جاتی ہیں۔

آسان مشاہدہ