شائستہ بلوچ کی جبری گمشدگی،اب خواتین کو ہدف بنا یا جا رہا ہے۔ بی ڈبلیو ایف

بلوچ وومن فورم (BWF) کے مرکزی ترجمان نے ایک تفصیلی بیان جاری کرتے ہوئے گوادر میں سی ٹی ڈی (CTD) اور سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دل کے عارضے میں مبتلا بلوچ خاتون شائستہ بلوچ کی جبری گمشدگی، ان کے گھر کی مسماری اور خاندانی ہراسانی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

ترجمان کے مطابق فورسز اور سی ٹی ڈی کے اہلکاروں نے گوادر میں شائستہ بلوچ کے گھر پر مسلسل دو راتیں چھاپے مارے۔ پہلے چھاپے کے دوران گھر کے سامان کی توڑ پھوڑ کی گئی اور تمام موبائل فونز ضبط کر لیے گئے، جبکہ دوسری رات کو شائستہ بلوچ کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا، جس کے بعد سے ان کا کوئی سُراغ نہیں مل رہا۔

ترجمان نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شائستہ بلوچ دل کے عارضے میں مبتلا ہیں اور ان کی اوپن ہارٹ سرجری ہو چکی ہے، مسلسل طبی دیکھ بھال اور ادویات کی عدم فراہمی سے ان کی زندگی شدید خطرے میں ہے۔

بیان میں بتایا گیا کہ یہ خاندان مسلسل ریاستی جبر کا نشانہ بن رہا ہے۔ شائستہ بلوچ کے بھائی علی اصغر 16 اپریل سے جبری طور پر لاپتا ہیں، جبکہ رواں سال 6 جولائی کو ان کا خاندانی گھر بھی مسمار کر دیا گیا تھا، جس کے بعد ان کی ضعیف والدہ رشتہ داروں کے ہاں پناہ لینے پر مجبور ہیں۔ ایک ہی گھر کے دو بچوں کی گمشدگی اور گھر کی تباہی نے اس خاندان کو شدید ذہنی اور جانی غیر یقینی صورتحال سے دوچار کر دیا ہے۔

بلوچ وومن فورم نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ماہ جبین بلوچ، نسرینہ بلوچ، حبیبہ پیرجان اور اب شائستہ بلوچ کی جبری گمشدگی اس بات کا ثبوت ہے کہ بلوچستان میں خواتین کو ہدف بنانے کے عمل کو باقاعدہ پالیسی کے طور پر اپنایا جا رہا ہے۔ یہ واقعات انفرادی نہیں بلکہ نوآبادیاتی تسلط، اجتماعی سزا اور بلوچ قوم کو سیاسی و اجتماعی طور پر متحرک ہونے سے روکنے کی ریاستی حکمت عملی کا حصہ ہیں۔

بلوچ وومن فورم نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ شائستہ بلوچ اور ان کے بھائی علی اصغر کی موجودگی کا سُراغ ظاہر کرتے ہوئے دونوں کو فوراً اور بغیر کسی شرط کے باحفاظت رہا کیا جائے۔ شائستہ بلوچ کو فوری طور پر طبی سہولیات، دل کی ادویات اور آزادانہ طبی معائنے کی رسائی دی جائے۔ گھر پر مارے گئے چھاپوں، سامان کی لوٹ مار اور مکان کی مسماری کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرا کے ذمہ داروں کا محاسبہ کیا جائے اور بزرگ والدہ کو مزید ہراسانی سے تحفظ فراہم کیا جائے۔

ترجمان نے آخر میں کہا کہ بلوچ خواتین کا اغوا اور انہیں خوف و ہراس کا نشانہ بنانا کسی صورت قابلِ قبول نہیں، عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیمیں بلوچستان میں جاری اس سنگین اجتماعی سزا اور انسانی حقوق کی پامالیوں کا فوری نوٹس لیں۔

مدیر

نیوز ایڈیٹر زرمبش اردو

مدیر

نیوز ایڈیٹر زرمبش اردو

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

توجہ فرمائیں

زرمبش اردو

زرمبش آزادی کا راستہ

زرمبش اردو ، زرمبش براڈ کاسٹنگ کی طرف سے اردو زبان میں رپورٹس اور خبری شائع کرتا ہے۔ یہ خبریں تحریر، آڈیوز اور ویڈیوز کی شکل میں شائع کی جاتی ہیں۔

آسان مشاہدہ