
لاپتہ ڈاکٹر دین محمد بلوچ کی صاحبزادی سمی دین بلوچ نے گزشتہ روز مکران کوسٹل ہائی وے پر مسافر بس کو پیش آنے والے خوفناک حادثے پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان میں شاید ہی کوئی دن ایسا گزرتا ہو جب اس کی خونی شاہراہوں پر حادثات اور انسانی جانوں کے ضیاع کی خبریں سامنے نہ آتی ہوں۔ کوئی شاہراہ محفوظ نہیں اور کوئی مسافر اپنی منزل تک بحفاظت پہنچنے کی ضمانت نہیں رکھتا۔ اس خونی شاہراہوں پر پر ہونے والے حادثات ایک مسلسل انسانی المیے کی شکل اختیار کر چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مکران کوسٹل ہائی وے پر مسافر کوچ کے خوفناک تصادم کے نتیجے میں بھڑکنے والی آگ نے خواتین، بچوں اور مردوں سمیت متعدد مسافروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اس حادثے میں متعدد افراد کی ہلاکت اور جھلسنے سے کئی افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ آگ میں جھلس کر تباہ ہونے والی یہ مسافر کوچ محض ایک حادثہ نہیں بلکہ کئی جانوں کا ضیاع اور اپنے پیچھے کئی خاندانوں کے لیے ناقابلِ تلافی صدمے، اور تکالیف چھوڑ چکی ہے۔
سمی دین کا کہنا تھا کہ بلوچستان ایک ایسی سرزمین ہے جس کے ساحل، وسائل اور جغرافیائی اہمیت پر پوری دنیا کی نظریں لگی ہوئی ہیں۔ اس کے ساحلوں اور وسائل کی فروخت اور بولیاں لگائی جا رہی ہیں، مگر اس سرزمین کے اصل وارث، اس کے عوام، آج بھی بنیادی انسانی سہولیات اور اپنی جانوں کے تحفظ سے محروم ہیں۔ یہاں کے وسائل سے مستفید ہونے والے حکمرانوں اور نمائندوں کی ترجیحات میں عوام کی زندگی، فلاح اور تحفظ کہیں دکھائی نہیں دیتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کی خونی شاہراہیں چاہے کوئٹہ کراچی شاہراہ ہو یا کراچی تربت پر ہونے والی مسلسل اموات حکومتی غفلت اور عوامی ضروریات سے لاتعلقی کی ایک واضح مثال ہیں۔ ناقص ٹریفک نظام، قوانین پر عمل درآمد کا فقدان، غیر محفوظ سفری انتظامات اور دہائیوں سے برقرار سنگل ٹریک شاہراہیں ان حادثات کی بڑی وجوہات میں شامل ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ ریکوڈک سیندک اور سوئی گیس اور دیگر بلوچستان کے زخائر جنہوں نے دیگر صوبوں کو موٹروے اور نجانے کیا کیا دیا مگر بلوچ عوام کی تقدیر نہیں بدل سکے، وہ گوادر جسے سی پیک کے نام پر اربوں میں بیچنے والی حکومت، بلوچستان کے ان شاہراہوں کو سنگل ٹریک سے ڈبل ٹریک بنانے اور عوام کے سفر کو محفوظ بنانے جیسے بنیادی اقدامات بھی نہیں کر سکے۔ ایک طرف بلوچستان حکومت کے روزانہ بلند و بانگ دعوائے ترقی ہیں، دوسری طرف زمینی حقائق ان دعوؤں کی حقیقت آشکار کر رہے ہیں جہاں کے لوگ محفوظ سفر جیسی بنیادی سہولت سے محروم ہوں، جہاں ہر روز خاندان اپنے پیاروں کی لاشیں اٹھانے پر مجبور ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اس حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا تصور ہی دل دہلا دینے والا ہے۔ اس سانحے سے متاثر ہونے والے تمام خاندانوں کے ساتھ دلی تعزیت اور گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔
