
وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (VBMP) نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تنظیم کو شکایت موصول ہوئی ہے کہ کوئٹہ کے علاقے کلی گوہر آباد میں فورسز کے اہلکاروں نے دو مختلف راتوں میں ایک ہی گھر پر چھاپے مار کر تین سگے بھائیوں کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔
لواحقین کے مطابق، 6 نومبر 2026 کی شب 15 سالہ نجیب ولد داؤد اور 19 سالہ لیاقت ولد داؤد کو حراست میں لیا گیا، جبکہ 7 نومبر کی شب ان کے 28 سالہ بڑے بھائی سلال ولد داؤد، جو ایک سرکاری ملازم ہیں، کو بھی حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔
لواحقین کا کہنا ہے کہ ایک ہفتے سے زائد کا عرصہ گزرنے کے باوجود تینوں بھائیوں کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی جا رہیں اور نہ ہی انہیں کسی عدالت میں پیش کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے اہل خانہ شدید پریشانی اور ذہنی اذیت کا شکار ہیں۔
وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز نے تینوں سگے بھائیوں کی مبینہ جبری گمشدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ نجیب، لیاقت اور سلال کی بحفاظت بازیابی کو فوری طور پر یقینی بنایا جائے۔ اگر ان پر کوئی الزام ہے تو انہیں منظرِ عام پر لا کر ملکی قوانین کے مطابق عدالت میں پیش کیا جائے اور ان کے اہل خانہ کو اپنے پیاروں کے بارے میں معلومات فراہم کرکے اس اذیت ناک صورتحال سے نجات دلائی جائے۔
