
وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (وی بی ایم پی) نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ بی ایس او پجار کے مرکزی وائس چیئرمین بابل ملک بلوچ اور بلال احمد نیچاری ہمیشہ جبری گمشدگیوں کے خلاف جاری جدوجہد اور لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے وی بی ایم پی کے ساتھ ہر محاذ پر کھڑے رہے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے پرامن، جمہوری اور آئینی طریقۂ کار کے تحت انسانی حقوق کے لیے آواز بلند کی اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔
وی بی ایم پی کے مطابق بابل ملک بلوچ اور بلال احمد نیچاری کا جبری طور پر لاپتہ کیا جانا اور طویل عرصے تک ان کی عدم بازیابی نہ صرف انسانی حقوق بلکہ ملکی آئین اور بنیادی شہری آزادیوں کی بھی سنگین خلاف ورزی ہے۔ تنظیم نے پرامن سیاسی و جمہوری آوازوں کو دبانے کی کوششوں کی شدید مذمت کی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ وی بی ایم پی اپنے سپورٹرز اور ان کے اہلِ خانہ کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کی باحفاظت بازیابی کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی۔
تنظیم نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ بی ایس او پجار کے مرکزی وائس چیئرمین بابل ملک بلوچ، بلال احمد نیچاری سمیت تمام لاپتہ افراد کی فوری اور باحفاظت بازیابی یقینی بنائی جائے۔ اگر ان پر کوئی الزام ہے تو انہیں عدالتوں میں پیش کیا جائے اور جبری گمشدگیوں کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔
