
بلوچستان کے شہر تربت میں ایک نوجوان کی مبینہ جبری گمشدگی جبکہ دوسری جانب تیل بردار گاڑی میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق تربت کے علاقے جدگال ڈن (ڈی بلوچ) میں گزشتہ ہفتے پاکستانی فورسز نے ناکہ بندی کے دوران ایک گاڑی سے 25 سالہ نوجوان کو حراست میں لیا اور بعد ازاں نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا، جس کے بعد سے اس کے بارے میں کوئی معلومات سامنے نہیں آ سکیں۔
لاپتہ ہونے والے نوجوان کی شناخت سمیر احمد ولد محمد عارف، ساکن اللہ بخت کلاتک کے نام سے ہوئی ہے۔ اہل خانہ نے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے نوجوان کی بازیابی اور حراست سے متعلق تفصیلات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب تربت کے علاقے جوسک میں تیل بردار زمیاد گاڑی میں اچانک آگ لگنے کے باعث گاڑی مکمل طور پر جل کر تباہ ہو گئی جبکہ ڈرائیور جھلس کر زخمی ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق زخمی ڈرائیور کی شناخت دل مراد ولد شاہ گل خان، ساکن نوشکی کے نام سے ہوئی ہے، جنہیں فوری طور پر ٹیچنگ ہسپتال تربت منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
