
مکران کوسٹل ہائی وے پر دلتوس کے قریب آج صبح ایک ٹریلر گاڑی کے المناک حادثے میں تین افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہو گیا۔ حادثہ مبینہ طور پر بریک فیل ہونے اور تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق، واقعہ صبح 10 بج کر 50 منٹ پر پیش آیا۔ اطلاع ملتے ہی راسملان ایمرجنسی ریسپانس سنٹر سے امدادی ٹیم فوری طور پر جائے وقوعہ کی جانب روانہ ہوئی اور صرف 15 منٹ کے اندر موقع پر پہنچ گئی۔
ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق، مذکورہ ٹریلر گاڑی اورماڑہ سے کراچی جا رہی تھی کہ اچانک بریک فیل ہونے کے باعث الٹ گئی۔ حادثے میں تین افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہوا، جسے ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال اُتھل منتقل کر دیا گیا۔
زخمی ہونے والے شخص کی شناخت سید ملک ولد نامعلوم کے نام سے ہوئی ہے، جنہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال اُتھل منتقل کر دیا گیا۔ جبکہ جاں بحق ہونے والوں میں مدثر ولد خان بہادر، محمد یوسف ولد بادشاہواز اور ایک کم عمر بچہ (ولد نامعلوم) شامل ہیں۔ ان تمام متاثرہ افراد کا تعلق کراچی سے بتایا جا رہا ہے۔
