
بلوچستان کے ضلع کیچ میں بلوچ نیشنل موومنٹ (بی این ایم) کی جانب سے گزشتہ شب مختلف علاقوں میں پمفلٹ تقسیم کیے گئے، جس کا مقصد 28 مئی 1998 کو چاغی میں کیے گئے پاکستانی ایٹمی دھماکوں کے خلاف شعور اجاگر کرنا تھا۔
ذرائع کے مطابق یہ پمفلٹس ضلع چاغی کے پہاڑی علاقے راسکو میں ہونے والے ایٹمی تجربے کے تباہ کن اثرات اور اس کے بلوچستان کے عوام پر پڑنے والے دیرپا نقصانات پر مبنی تھے۔
بی این ایم کے کارکنان نے یہ پمفلٹس کیچ کے مختلف علاقوں کلاتک، شئے کھن، نودز اور ناصر آباد میں تقسیم کیے۔
بلوچ عوام کی جانب سے 28 مئی کو یومِ سیاہ کے طور پر منایا جاتا ہے، کیونکہ ان ایٹمی دھماکوں نے نہ صرف ماحول کو تباہ کیا بلکہ آنے والی نسلوں کو بھی خطرناک بیماریوں اور زہریلی زندگی میں مبتلا کر دیا۔