
بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی (بساک) تربت زون کے رہنماؤں نے ضلع کیچ کے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں مسلسل چوری، ڈکیتی، فائرنگ اور توڑ پھوڑ کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت بلوچستان، ضلعی انتظامیہ اور پولیس سے تعلیمی اداروں کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
اس سلسلے میں بساک تربت زون کے رہنماؤں نے تربت پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران ضلع کیچ کے مختلف سرکاری و نجی اسکولوں میں بدامنی کے واقعات پیش آئے ہیں، جن کے نتیجے میں تعلیمی اداروں کا قیمتی سامان چوری اور املاک کو نقصان پہنچایا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اکتوبر اور نومبر کے دوران گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول کوشقلات، گورنمنٹ بوائز مڈل اسکول میری، گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری اسکول گلشن آباد اور گورنمنٹ بوائز مڈل اسکول ڈنگ میں چوری کے واقعات پیش آئے، جہاں نامعلوم افراد اسکولوں میں داخل ہوکر قیمتی سامان لے گئے اور دیگر املاک کو بھی نقصان پہنچایا۔ اسی طرح اکتوبر کے اوائل میں بلیدہ کے ایک نجی اسکول پر فائرنگ کی گئی اور سی سی ٹی وی کیمروں، دروازوں اور کھڑکیوں کو نقصان پہنچایا گیا۔
بساک رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے بعض واقعات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے دعوے کیے گئے ہیں، تاہم تعلیمی اداروں میں بدامنی کے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات تاحال نظر نہیں آرہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسے واقعات سے تعلیمی اداروں میں خوف و ہراس کی فضا پیدا ہورہی ہے، جس سے ہزاروں طلبہ و طالبات کی تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان پہلے ہی تعلیمی پسماندگی اور بنیادی سہولیات کی کمی جیسے مسائل سے دوچار ہے، ایسے میں تعلیمی اداروں کو عدم تحفظ کا سامنا ہونا مزید تشویش کا باعث ہے۔
بساک تربت زون کے رہنماؤں نے حکومت بلوچستان اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ تعلیمی اداروں میں پیش آنے والے واقعات کا فوری نوٹس لیا جائے، ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور اسکولوں کی حفاظت کے لیے مؤثر انتظامات کیے جائیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر تعلیمی اداروں کے تحفظ اور بدامنی کے واقعات کی روک تھام کے لیے ٹھوس اقدامات نہ کیے گئے تو بساک تربت زون ضلع بھر کے تعلیمی اداروں میں پُرامن احتجاجی مظاہرے کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
