جبری گمشدگیاں، غیر قانونی حراست اور اجتماعی سزا کسی بھی صورت قابلِ قبول نہیں۔ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی

کوئٹہ: پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں ضلع گوادر کے علاقے جیونی، پانوان سے 21 سالہ خاتون شائستہ نور کلمتی کو گھر سے مبینہ طور پر زبردستی اٹھا کر لاپتہ کرنے، ان کے بھائی علی اصغر کلمتی کی طویل جبری گمشدگی، گھر کی مسماری اور خاندان کو مسلسل ریاستی دباؤ، خوف و ہراس اور ہراسانی کا نشانہ بنانے کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بنیادی انسانی حقوق، آئین اور قانون کی صریح خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی شہری کو قانون کے مقررہ طریقہ کار کے بغیر گرفتار کرنا، اسے نامعلوم مقام پر منتقل کرنا اور اس کے خاندان کو مسلسل خوف و ہراس میں مبتلا رکھنا کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ اگر شائستہ نور کلمتی کے خلاف کوئی مقدمہ درج تھا تو انہیں قانون کے مطابق گرفتار کرکے بروقت عدالت میں پیش کیا جانا چاہیے تھا۔ رات کی تاریکی میں گھر پر چھاپہ مار کر ایک نوجوان خاتون کو زبردستی اٹھانا اور اہلِ خانہ کو ہراساں کرنا غیر قانونی اور غیر انسانی طرزِ عمل ہے۔ کسی مقدمے میں نامزدگی کسی شہری کے بنیادی حقوق سلب کرنے یا اسے غیر قانونی حراست میں رکھنے کا جواز فراہم نہیں کرتی۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ شائستہ نور کلمتی دل کے عارضے اور خون کی بیماری میں مبتلا ہیں، ان کی دل کی سرجری بھی ہو چکی ہے اور انہیں مسلسل علاج، ادویات اور طبی نگرانی کی ضرورت ہے۔ ایسے حالات میں انہیں حراست میں رکھنا اور مناسب طبی سہولیات فراہم نہ کرنا ان کی زندگی کو سنگین خطرات سے دوچار کرنے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ متعلقہ حکام کی ذمہ داری ہے کہ ان کی صحت اور زندگی کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے فوری طور پر مکمل طبی سہولیات فراہم کریں۔

بیان میں کہا گیا کہ شائستہ نور کلمتی کے خاندان کو ایک طویل عرصے سے مسلسل چھاپوں، گرفتاریوں، معاشی نقصان اور اجتماعی سزا جیسے اقدامات کا سامنا ہے۔ ان کے بھائی علی اصغر کلمتی کو بھی 16 اپریل کو حراست میں لے جانے کے بعد تاحال منظرِ عام پر نہیں لایا گیا، جبکہ خاندان کے گھر کو مسمار کرنے، روزگار کے واحد ذریعے کو چھیننے اور خواتین و بچوں کو مسلسل خوف و ہراس میں مبتلا رکھنے کے واقعات انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہیں۔ کسی بھی مہذب معاشرے میں خواتین، بچوں اور عام شہریوں کو اس طرح اجتماعی سزا کا نشانہ بنانے کی کوئی گنجائش نہیں ہو سکتی۔

پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے کہا کہ بلوچستان اور پشتونخوا وطن میں جبری گمشدگیوں، غیر قانونی گرفتاریوں، گھروں پر چھاپوں، شہری آبادیوں کو ہراساں کرنے اور خاندانوں کو اجتماعی سزا دینے کے واقعات انسانی حقوق اور جمہوری اقدار کے منافی ہیں۔ ایسے اقدامات سے عوام میں خوف، عدم تحفظ اور ریاستی اداروں پر عدم اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے۔ ریاست اور اس کے تمام ادارے آئین و قانون کے پابند ہیں اور انہیں شہریوں کی جان، مال، عزت اور بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنانا چاہیے۔بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ شائستہ نور کلمتی کو فوری طور پر رہا کیا جائے یا اگر ان کے خلاف کوئی قانونی الزام ہے تو انہیں شفاف قانونی طریقہ کار کے تحت عدالت میں پیش کرکے ان کے بنیادی حقوق اور طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ ان کے بھائی علی اصغر کلمتی کو فوری طور پر منظرِ عام پر لا کر بحفاظت بازیاب کیا جائے، خاندان کو مزید ہراسانی اور غیر قانونی کارروائیوں سے تحفظ فراہم کیا جائے اور گھر کی مسماری، معاشی نقصان اور مسلسل چھاپوں کے ذمہ دار اہلکاروں کا تعین کرکے ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے واضح کیا کہ جبری گمشدگیاں، غیر قانونی حراست اور اجتماعی سزا کسی بھی صورت قابلِ قبول نہیں، ان تمام اقدامات کا فوری خاتمہ اور شہریوں کے آئینی، قانونی اور انسانی حقوق کا احترام ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

مدیر

نیوز ایڈیٹر زرمبش اردو

مدیر

نیوز ایڈیٹر زرمبش اردو

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Next Post

رضا غلام شاہ کو ڈیتھ اسکواڈ کے اہلکاروں نے جبری گمشدگی کی کوشش کے دوران فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ بی وائی سی

جمعرات نومبر 12 , 2026
بلوچ یکجہتی کمیٹی نے کہا ہے کہ رضا غلام شاہ ولد غلام شاہ، عمر 30 سال، بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے تربت، کلاتک کے رہائشی تھے۔ اتوار، 9 نومبر 2026 کو انہیں ڈیتھ اسکواڈ کے اہلکاروں نے نشانہ بنا کر قتل کردیا۔ بی وائی سی کے مطابق، شام تقریباً […]

توجہ فرمائیں

زرمبش اردو

زرمبش آزادی کا راستہ

زرمبش اردو ، زرمبش براڈ کاسٹنگ کی طرف سے اردو زبان میں رپورٹس اور خبری شائع کرتا ہے۔ یہ خبریں تحریر، آڈیوز اور ویڈیوز کی شکل میں شائع کی جاتی ہیں۔

آسان مشاہدہ