
تمپ کے علاقے گومازی میں گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول کی بس ضلع سوراب کے علاقے گدر کے قریب چھینے جانے کے خلاف طالبات نے اسکول کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
اس موقع پر طالبات نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر اسکول بس کی بحفاظت واپسی کے مطالبات درج تھے۔
طالبات کا کہنا تھا کہ مذکورہ بس گومازی، ملانٹ اور گردونواح کے علاقوں سے آنے والی طالبات کے لیے سفری سہولت تھی، تاہم بدقسمتی سے پہلی مرتبہ سفر کرنے سے قبل ہی نامعلوم مسلح افراد اسے چھین کر لے گئے۔
طالبات نے اپیل کی کہ ان کی تعلیمی مشکلات اور سفری اخراجات کا احساس کرتے ہوئے اسکول بس فوری طور پر واپس کی جائے تاکہ انہیں درپیش سفری مشکلات کا خاتمہ ہو اور انہیں پرائیویٹ گاڑیوں کے بھاری اخراجات سے نجات مل سکے۔
طالبات نے متعلقہ حکام سے بھی مطالبہ کیا کہ ان کی تعلیمی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے اسکول بس کی جلد از جلد واپسی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔