
تمپ میں پاکستانی فوج کی مختلف مقامات پر کارروائی، دو بھائیوں سمیت چار نوجوانوں کو حراست میں لے کر لاپتہ کر دیا، جبکہ ایک اور جبری لاپتہ نوجوان کی لاش برآمد ہوئی ہے۔
زرمبش زرائع کے مطابق، گزشتہ روز تمپ کے علاقے مند میں پاکستانی فورسز نے مختلف مقامات پر چھاپے مارے، لوگوں پر تشدد کیا اور چار نوجوانوں کو حراست میں لے کر لاپتہ کر دیا۔
زرائع کا کہنا ہے کہ، پاکستانی فورسز نے گزشتہ روز مند کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے سمیر بلوچ ولد ناصر، وسیم بلوچ ولد ستار، سگیر بلوچ ولد سوال محمد اور ظہیر بلوچ ولد سوال محمد کو حراست میں لے کر لاپتہ کر دیا ہے۔
زرائع کے مطابق چاروں نوجوانوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے جنہیں مختلف گھروں پر چھاپوں کے دوران حراست بعد جبری لاپتہ کر دیا گیا ہے۔
زرمبش زرائع کا کہنا ہے کہ کارروائیوں کے دوران پاکستانی فورسز گھروں سے لوگوں کا قیمتی سامان بھی اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔
دوسری جانب کیچ کے علاقے تمپ سے جبری طور پر لاپتہ کئے گئے ایک اور نوجوان کی لاش برآمد ہوئی ہے۔
زرمبش زرائع کے مطابق، قتل کیے گئے نوجوان کی شناخت بلال بلوچ ولد حنیف کے نام سے ہوئی ہے، جو تمپ کے علاقے کوہاڈ کا رہائشی تھا۔
زرائع کے مطابق مذکورہ نوجوان کو چار روز قبل پاکستانی فورسز نے تین دیگر نوجوانوں سمیت کوہاڑ سے جبری طور پر لاپتہ کر دیا تھا جس کی لاش آج ہوشک آباد سے برآمد ہوئی ہے۔
یاد رہے بلال بلوچ سمیت چار روز قبل مروان بلوچ، سابت بلوچ اور عدیل بلوچ کو بھی پاکستانی فورسز نے حراست بعد لاپتہ کر دیا تھا جن میں سے عدیل بلوچ ولد عبدالقیوم کی لاش اس سے قبل سرنکن سے برآمد ہوئی تھی۔