
بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کے علاقے لاکھڑا میں کارو کاری کے الزام میں قتل کیے گئے ایک مرد اور خاتون کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔
پولیس کے مطابق لاشیں صدوری کے ویران علاقے سے ملی ہیں، جن کی شناخت 40 سالہ یوران ولد وندر عرف بہرام اور 22 سالہ بختاور کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں افراد کا تعلق ضلع جھل مگسی سے بتایا جاتا ہے، تاہم وہ حالیہ دنوں میں لاکھڑا کے علاقے صدوری میں مقیم تھے۔
لاکھڑا پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق مقتولہ کے شوہر بلال ولد سومار نے کاروکاری کے شبہے میں اپنی بیوی اور اس کے مبینہ آشنا کو فائرنگ کرکے قتل کیا۔ پولیس نے لاشوں کو تحویل میں لے کر اوتھل اسپتال منتقل کردیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔
