
بلوچستان کی انسانی حقوق کی کارکن اور بلوچ یکجہتی کمیٹی (بی وائی سی) کی مرکزی رہنما ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کو جبری گمشدگیوں کے خلاف جدوجہد اور انسانی حقوق کے دفاع میں خدمات کے اعتراف میں ایڈلسٹام پرائز 2026 دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
ایڈلسٹام فاؤنڈیشن کے مطابق ایوارڈ کی تقریب 3 دسمبر کو سویڈن کے شہر اسٹاک ہوم میں منعقد ہوگی، تاہم دو مرتبہ عمر قید کی سزا کے باعث ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ تقریب میں شرکت نہیں کر سکیں گی۔ ان کی جانب سے ایوارڈ بلخ شیر وصول کریں گے۔
فاؤنڈیشن نے ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کی گرفتاری، عدالتی کارروائی اور دورانِ حراست صحت کی خرابی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی حکومت سے ان کی اور دیگر زیرِ حراست بلوچ یکجہتی کمیٹی کے رہنماؤں کی فوری اور غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
واضع ایڈلسٹام فاؤنڈیشن (The Edelstam Foundation) سویڈن میں قائم ایک غیر سرکاری ادارہ ہے، جو انسانی حقوق، بنیادی آزادیوں، جمہوریت اور انسانی وقار کے تحفظ کے لیے کام کرتا ہے۔
اس ادارے کا نام سویڈن کے سابق سفارت کار ہیرالڈ ایڈلسٹام کے نام پر رکھا گیا ہے، جنہوں نے سفارتی خدمات کے دوران سیاسی جبر اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سامنا کرنے والے افراد کو تحفظ فراہم کرنے میں کردار ادا کیا تھا۔
فاؤنڈیشن کا بنیادی مقصد انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے کام کرنے والے افراد کی خدمات کو تسلیم کرنا اور ان کے کردار کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا ہے۔ اس سلسلے میں ادارہ ہر دو سال بعد ایڈلسٹام پرائز پیش کرتا ہے، جو ایسے افراد کو دیا جاتا ہے جنہوں نے مشکل حالات میں انسانی حقوق کے دفاع اور شہری آزادیوں کے لیے غیر معمولی جرات اور خدمات کا مظاہرہ کیا ہو۔
اس ایوارڈ کے لیے امیدواروں کا انتخاب نامزدگی کمیٹی اور بین الاقوامی جیوری کے ذریعے کیا جاتا ہے۔ فاؤنڈیشن انسانی حقوق سے متعلق آگاہی، تعلیم اور عالمی سطح پر ان مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے بھی سرگرم ہے۔
ادارے کی جانب سے 2026 کے ایڈلسٹام پرائز کے لیے انسانی حقوق کی کارکن ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کا انتخاب کیا گیا ہے۔ فاؤنڈیشن نے ان کے انتخاب کی وجہ جبری گمشدگیوں کے خلاف جدوجہد، پُرامن احتجاج اور انسانی حقوق کے دفاع میں ان کا کردار قرار دیا ہے۔