
الوداع زامُر بلوچ!
تحریر: کوہی بلوچ
زامُر بلوچ صرف ایک گلوکار نہیں تھا، وہ ایک آواز تھا، ایک احساس تھا، ایک درد تھا اور اپنی سرزمین سے بے پناہ محبت کرنے والا ایک انسان تھا۔ اُس کی پہچان صرف اُس کے گیتوں تک محدود نہیں تھی، بلکہ اُس کی آواز میں بلوچستان کی مٹی کا درد، اُس کی قوم کی محرومیاں اور آزادی کے خواب بولتے تھے۔
دشمن نے سمجھا کہ اُس نے ایک گلوکار کو خاموش کر دیا، مگر حقیقت میں اُس نے صرف ایک گلوکار نہیں، بلکہ ایک آزاد پرندے کو نشانہ بنایا؛ ایک ایسی آواز کو خاموش کرنے کی کوشش کی جو اپنی سوئی ہوئی قوم کو جگا رہی تھی، جو اپنی قوم کو بتا رہی تھی کہ غلامی کیا ہوتی ہے اور آزادی کا مفہوم کیا ہے۔
زامُر بلوچ ایک ایسا آزاد پرندہ تھا جو اپنی آواز کے ذریعے اپنی قوم کے احساسات کو الفاظ دیتا تھا۔ اُس کے گیت محض دھنیں نہیں تھے، بلکہ ایک قوم کے درد، امیدوں اور خوابوں کی ترجمانی کرتے تھے۔ وہ ایک فنکار ہونے کے ساتھ ساتھ ایک سرمچار اور اپنی سرزمین کا جان نثار بھی تھا۔
آج زامُر ہمارے درمیان موجود نہیں، مگر اُس کی آواز، اُس کے گیت اور اُس کی یادیں باقی ہیں۔ کسی انسان کی جسمانی جدائی اُس کے خیالات اور یادوں کو ختم نہیں کر سکتی۔ اُس کی زندگی اور جدائی بلوچستان کے لوگوں کے لیے ایک دردناک یاد بن کر رہے گی۔
اے زامُر! تیری آواز کو خاموش کرنے کی کوشش کی گئی، مگر تیرے گیتوں میں محفوظ درد اور احساس کو مٹانا آسان نہیں۔ تیری جدائی ایک ایسا خلا چھوڑ گئی ہے جسے الفاظ سے پُر نہیں کیا جا سکتا۔
الوداع زامُر بلوچ!
مادرِ وطن کے اس گلوکار کو سلام، جس نے اپنی آواز سے اپنی قوم کے درد کو بیان کیا۔ تیری یاد، تیرا فن اور تیری آواز ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔