
بلوچستان کے ضلع چاغی کے شہر دالبندین کے علاقے خرگوشکان کے قریب آئی ڈی دھماکے میں تین نوجوان ہلاک ہوگئے۔
دالبندین کے نواحی علاقے خرگوشکاں میں کونر ڈک کے مقام پر مائن دھماکے کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار 3 نوجوان ہلاک ہوگئے، دھماکے کے بعد تینوں افراد کی لاشیں پرنس فہد ہسپتال دالبندین منتقل کردی گئیں۔
ہلاک نوجوانوں کی شناخت سہیل ولد ٹکری عبدالغفار بنگلزئی، عرفان ولد پیر جان بنگلزئی اور الطاف ولد علی احمد نوتیزی کے ناموں سے ہوئی ہے جو کہ کلی خدائے رحیم دالبندین اور کلی قاسم خان دالبندین کے رہائشی بتائے جاتے ہیں اور تینوں نوجوان آپس میں خالہ زاد اور ماموں زاد بتائے جا رہے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق تینوں نوجوان موٹر سائیکل پر پکنک منانے کے لیے گئے تھے کہ کونر ڈک کے مقام پر نامعلوم افراد کی جانب سے بچھائی گئی مائن دھماکے کی زد میں آگئے جس کے نتیجے میں تینوں نوجوان موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔
پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ واقعے سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔
