
بلوچ نیشنل موومنٹ ( بی این ایم) کے سیکریٹری اطلاعات و ثقافت نے کٹھ پتلی حکومت بلوچستان کی طرف سے انتہائی مطلوب افراد کی فہرست میں نام شامل ہونے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی طرف سے مطلوب افراد کی فہرست میں میرا نام ایک اعزاز ہے اس طرح کے ہتھکنڈوں سے ہرگز خوفزدہ نہیں ہوں گا۔ جب تک زندہ ہوں بلوچ قومی آزادی کی جدوجہد میں اپنا کردار ادا کرتا رہوں گا۔ میرا نام اس فہرست میں شامل کرکے ریاست پاکستان میری پرامن سیاسی سرگرمیوں کو محدود کرنا چاہتی ہے۔
انھوں نے کہا اپنی زمین پر اپنے حقوق اور آزادی کے لیے جدوجہد دہشت گردی نہیں بلکہ دہشت گرد پاکستانی ریاست ہے جو روز ہمارے نوجوانوں کو قتل کرکے ان کی لاشیں پھینک رہی ہے۔
قاضی ریحان نے مزید کہا پاکستان کے ظلم و جبر سے خوفزدہ ہونے کے بجائے ہمیں شعوری بنیاد پر بطور قوم اس کا مقابلہ کرنا ہے۔ بلوچ نوجوان علم، نظریہ اور عمل کو اپنا کر قومی آزادی کی جدوجہد میں شامل ہوں۔ ریاست پاکستان بلوچستان میں ایک ہاری ہوئی جنگ لڑ رہی ہے اور بلوچ قوم تنظیم اور جہدمسلسل کی بدولت ہر روز اپنی منزل سے قریب تر ہو رہی ہے ۔

