
بلوچستان کے ضلع لورالائی سے موصولہ اطلاعات کے مطابق پاکستانی فورسز نے ایک اور جعلی مقابلے میں چار افراد کو قتل کر دیا ہے۔ قتل ہونے والے افراد کا تعلق کوہِ سلیمان کے قبائلی علاقے بارتھی سے بتایا جاتا ہے جن کا تعلق بزدار قبیلے سے ہے۔
ذرائع کے مطابق ان افراد کو کچھ عرصہ قبل پاکستانی فورسز نے جبری طور پر لاپتہ کیا گیا تھا۔ قتل کیے گئے نوجوانوں میں اکبر بزدار، سلیمان بزدار، ملک احمد بزدار اور بخت محمد بزدار شامل ہیں۔
مقامی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ان افراد کو گزشتہ رات سی ٹی ڈی (کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ) نے مبینہ فیک انکاؤنٹر میں قتل کیا۔ رپورٹ کے مطابق قتل کے بعد ان کے جسموں کے ساتھ اسلحہ اور کلاشنکوفیں اس انداز میں رکھ دی گئیں تاکہ انہیں دہشت گرد ظاہر کیا جا سکے۔
بلوچستان بھر میں پاکستانی فورسز کی جانب سے مبینہ جعلی مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے، جس میں پہلے سے جبری طور پر لاپتہ افراد کو ماورائے عدالت قتل کیے جانے کے واقعات میں تیزی آئی ہے۔
حالیہ اطلاعات کے مطابق، چند روز قبل بارکھان میں فورسز نے ایک جعلی مقابلے میں تین افراد کو ہلاک کیا۔ اس کے بعد ضلع آواران میں فورسز نے گھروں پر چھاپوں کے دوران فائرنگ کرکے ایک خاتون سمیت دو افراد کو قتل کر دیا، جبکہ ایک اور خاتون شدید زخمی ہوئیں۔ان واقعات کے خلاف آج آواران میں مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال کی جا رہی ہے۔