گوادر جیونی کراس کے مقام پر مکران کوسٹل ہائی وے دوسرے روز بھی بلاک۔ تفصیلات کے مطابق کنٹانی میں باڑ اور گیٹ کے خلاف مظاہرین نے مکران کوسٹل ہا ئی وے بلا ک کرکے دھرنا دیدیا۔
مظاہرین کے مطابق،جب انکے مطالبات تسلیم نہیں ہوتے دھرنا کسی طور ختم نہیں ہوگا ، اس لئے کنٹانی سے منسلک افراد زیادہ سے زیادہ شرکت کرکے اپنے حقوق کے تحفظ کے لئے دھرنے کو کامیاب کریں۔
یہ دھرنا حق دو تحریک کی جانب سے کنٹانی ھور کے مقام پر مبینہ گیٹ کی تعمیر کے خلاف دیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے بین الاقوامی روٹ گزشتہ دو دنوں سے بند ہے۔
علاوہ ازیں خضدار کے تحصیل وڈھ میں گزشتہ 7 گھنٹے سے کلی براہمزئی وڈھ کے مقام سے شال کراچی شاہراہ بلاک کردیا گیا ہے ۔
مظاہرین کے مطابق گزشتہ روز جوئے نورا میں زمین کے تنازعہ پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا۔
مبینہ طور پر فائرنگ کے الزام میں براہمزائی قبائل پر ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ جس کے خلاف روڈ بلاک کیا گیا ہے۔
مظاہرین نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ فائرنگ حملزئی قبائل کی طرف سے گئی تھی۔ جبکہ ایف آئی آر براہمزئی قبائل پر کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جب تک ایف آئی آر ختم نہیں کیا جاتا ہمارا احتجاج جاری رہیگا۔