
پنجابی اکثریت کا غرور اور مستقبل کی جماعتوں کی حالت
تحریر: فولاد خان کاکڑ بازئی
کیا عجب منطق ہے کہ اگر کسی ادارے میں پنجابی اکثریت ہو، پارلیمنٹ میں پنجابی اکثریت ہو، فوج میں پنجابی اکثریت ہو، تو گویا اس اکثریت کو یہ حق بھی حاصل ہو جاتا ہے کہ وہ بلوچ اور پشتون وطنوں کی جغرافیائی وحدت، سیاسی شناخت اور مستقبل کا فیصلہ بھی خود کرے۔ شاید یہاں جمہوریت کا مطلب عوام کی مرضی نہیں، بلکہ اکثریت کی مرضی کو قوموں کے سروں پر مسلط کرنا ہے۔
اگر کسی کے ذہن میں یہ خیال ہے کہ پارلیمانی اعداد و شمار، فوجی طاقت اور ادارہ جاتی بالادستی کی بنیاد پر بلوچ اور پشتون وطنوں کو تقسیم کرکے نئے صوبے تشکیل دے دیے جائیں، تو اسے یاد رکھنا چاہیے کہ جغرافیے کو نقشے پر لکیریں کھینچ کر تبدیل کرنا آسان ہے، مگر قوموں کی تاریخی شناخت، اجتماعی شعور اور وطن سے وابستگی کو محض انتظامی احکامات سے ختم نہیں کیا جا سکتا۔
اکثریت اگر واقعی جمہوریت کا نام ہے، تو اسے دوسروں کے قومی وجود اور سیاسی اختیار کا احترام بھی سیکھنا چاہیے۔ ورنہ اکثریت اور جمہوریت کے درمیان فرق صرف اتنا رہ جائے گا کہ ایک کے پاس ووٹوں کی تعداد اور اقتدار ہوگا، جبکہ دوسرے کے پاس اپنے وطن، شناخت اور قومی وجود کو کھونے کا خوف۔
تاریخ میں طاقتوروں نے ہمیشہ نقشے بنائے، سرحدیں کھینچیں اور قوموں کو انتظامی خانوں میں تقسیم کرنے کی کوشش کی؛ لیکن تاریخ یہ بھی بتاتی ہے کہ کسی قوم کے وطن کا فیصلہ بند کمروں، پارلیمانی عددی برتری یا طاقت کے ایوانوں میں نہیں، بلکہ اس قوم کی اپنی سیاسی مرضی اور اجتماعی شعور سے ہونا چاہیے۔
وطن کوئی انتظامی فائل نہیں جسے اکثریت کی مرضی سے ایک میز سے دوسری میز پر منتقل کر دیا جائے۔
اور اگر مستقبل کی سیاسی جماعتیں بھی اسی اکثریتی غرور، اقتدار کی ہوس اور قومی وحدتوں کو تقسیم کرنے کی سیاست کو اپنا راستہ بنائیں گی، تو ان کی سیاسی حیثیت اور مستقبل کی حالت بھی تاریخ خود طے کرے گی۔ محض اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھ کر قوموں کے مستقبل کے فیصلے کرنے والے یہ نہ بھولیں کہ سیاسی نقشے بدلنے کی خواہش رکھنے والے اکثر خود تاریخ کے نقشے سے مٹ جاتے ہیں۔
اب سیاسی جماعتوں خاص کر اپنے آپ کو قومی تحریک کہلانے والے پشتون بلوچ پارٹیوں کا امتحان ہے کہ وہ کیسے پنجابی استعماری ریاست اور انسٹیٹوشن کے ان ناروا اقدامات کے خلاف اپنے عوام کو موبائلز کرینگے یا خاموش رہ کر پنجابی استعماری ریاست اس اقوام دشمن پالیسی اور اقدامات کا خاموشی سے نظارہ کرینگے۔
پشتو میں ایک کہاوت ہے،( پټه خوله هم اقرار دئ) مطلب خاموش رہنا بھی حمایت ہے۔ بلوچ پشتون قبائل اور جوانوں کو یہ بات سمجھنی چاہیے کہ ہم انگریز سے پہلے مغل سے پہلے سکھ سے پہلے اور پنجابی استعماری ریاست کے قیام سے پہلے بھی اکھٹے اور اپنے ابا اور اجداد کی تاریخی زمین پر رہ رہے تھیں اور رہینگے اور اپنی قومی جنگ کو آگے لیکر جائینگے۔