
نیدرلینڈز (ہالینڈ) میں مقیم بلوچ کمیونٹی کی علمی و ادبی ضروریات کو پورا کرنے اور بلوچ نوجوانوں میں مطالعے کے رجحان کو فروغ دینے کے لیے ‘داد لائبریری’ (Dad Library Netherlands) کا باقاعدہ قیام عمل میں لایا گیا ہے۔
اس پہل کاری کا بنیادی مقصد دیارِ غیر میں رہنے والے بلوچوں کو کتب تک آسان رسائی فراہم کرنا ہے۔ داد لائبریری کے تحت نیدرلینڈز میں مقیم بلوچ قوم کو یہ سہولت میسر ہوگی کہ وہ اپنی پسند کی کتابیں حاصل کر کے پڑھ سکتے ہیں اور مطالعہ مکمل ہونے کے بعد انہیں لائبریری کو واپس کر سکتے ہیں۔
لائبریری کی انتظامیہ کے مطابق اس وقت لائبریری میں تین اہم زبانوں بلوچی، انگریزی اور اردو — میں کتب کا بہترین ذخیرہ موجود ہے، تاکہ قارئین اپنی مادری زبان کے ساتھ ساتھ عالمی و علاقائی ادبی و علمی مواد سے مستفید ہو سکیں۔
داد لائبریری کی انتظامیہ نے تمام مخیر حضرات، ادیبوں، اور کتاب دوست افراد سے اس علمی اقدام کی حمایت کرنے اور کتابیں عطیہ (Donate) کرنے کی اپیل کی ہے، تاکہ لائبریری کا دائرہ کار وسیع سے وسیع تر کیا جا سکے اور زیادہ سے زیادہ تعلیمی و فکری مواد بلوچ برادری تک پہنچایا جا سکے۔
لائبریری کا مرکزی پیغام ہے: "کتاب عطیہ کریں، کتاب حاصل کریں اور مطالعے کی محبت کو زندہ رکھیں!”
