پاکستان کا بیرونی قرضہ دوگنا ہو کر 135 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا۔ عالمی بینک

عالمی بینک نے اپنی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ گزشتہ دس برسوں میں پاکستان کا مجموعی بیرونی قرضہ تقریباً دوگنا ہو کر 2025 میں 135.1 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔

عالمی بینک کی انٹرنیشنل ڈیٹ رپورٹ 2026 میں بتا یا گیا ہے کہ پاکستان کا بیرونی قرضہ 2015 میں 68 ارب 67 کروڑ 30 لاکھ ڈالر تھا، جو 2025 میں بڑھ کر 135 ارب 10 کروڑ 70 لاکھ ڈالر ہو گیا۔

اس مجموعی قرضے میں 107 ارب 7 کروڑ 60 لاکھ ڈالر سرکاری اور حکومتی ضمانت کے تحت حاصل کیے گئے قرضوں پر مشتمل ہیں، جبکہ نجی شعبے کا 17 ارب 58 کروڑ ڈالر کا قرضہ بھی شامل ہے جس کی حکومت نے ضمانت نہیں دی۔

اس کے علاوہ قلیل مدتی قرضوں کا حجم 10 ارب 45 کروڑ ڈالر رہا۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان کے سرکاری قرضوں میں سے 56 ارب 83 کروڑ ڈالر کثیر ملکی مالیاتی اداروں، 42 ارب 43 کروڑ ڈالر دوسرے ممالک جبکہ 7 ارب 80 کروڑ ڈالر نجی قرض دہندگان کے واجب الادا ہیں۔

چین پاکستان کا سب سے بڑا انفرادی قرض دینے والا ملک ہے، جس کے 22 ارب 40 کروڑ ڈالر پاکستان کے ذمے واجب الادا ہیں۔

عالمی بینک کے 19 ارب 20 کروڑ ڈالر جبکہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے 16 ارب 83 کروڑ ڈالر کے قرضے بھی شامل ہیں۔

عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق سرکاری مالیاتی اداروں سے حاصل کیے گئے قرضوں کی واپسی کی اوسط مدت 16 سال ہے، جبکہ ان قرضوں پر اوسط شرح سود 3.6 فیصد ہے۔

ان قرضوں کی ادائیگی شروع کرنے سے پہلے چار سال کی رعایتی مدت بھی دی جاتی ہے۔ اس کے برعکس نجی قرض دہندگان سے حاصل کیے گئے قرضوں پر اوسط شرح سود 8.6 فیصد ہے۔

ان قرضوں کی ادائیگی کی اوسط مدت تین سال جبکہ رعایتی مدت صرف ایک سال ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مشرق وسطیٰ، شمالی افریقہ، افغانستان اور پاکستان کے خطے میں قرضوں کی ادائیگی اور سود کی ادائیگی کے تناسب میں بہتری آئی ہے، تاہم اس خطے کے بیرونی قرضے اور مجموعی قومی آمدنی کا تناسب 2025 میں بڑھ کر 29.4 فیصد ہو گیا، جو ایک سال پہلے 26.7 فیصد تھا۔

عالمی بینک کے مطابق یہ کسی بھی خطے میں ایک سال کے دوران اس تناسب میں سب سے زیادہ اضافہ ہے، جو ظاہر کرتا ہے کہ خطے کے ممالک پر بیرونی قرضوں کا بوجھ مسلسل بڑھ رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق 2025 میں چین نے پاکستان کو دیے گئے دو ارب ڈالر کے قرضوں کی واپسی کی مدت میں توسیع کی، جبکہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے توسیعی فنڈ سہولت اور پائیداری و استحکام کی سہولت کے تحت پاکستان کو 2.3 ارب ڈالر کے نئے قرضے فراہم کیے۔

مدیر

نیوز ایڈیٹر زرمبش اردو

مدیر

نیوز ایڈیٹر زرمبش اردو

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Next Post

ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کو سزا دینے پر عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں کی مذمت، فوری رہائی کا مطالبہ

جمعہ نومبر 6 , 2026
وکلا کے تحفظ، انسانی حقوق کے کارکنوں اور آزادی اظہار کے لیے کام کرنے والی متعدد بین الاقوامی سول سوسائٹی تنظیموں نے پاکستانی انسانی حقوق کے معروف وکلا ایمان زینب مزاری اور ہادی علی چٹھہ کو انسدادِ دہشت گردی کے قانون کے تحت 10 سال اور پاکستان پینل کوڈ کے […]

توجہ فرمائیں

زرمبش اردو

زرمبش آزادی کا راستہ

زرمبش اردو ، زرمبش براڈ کاسٹنگ کی طرف سے اردو زبان میں رپورٹس اور خبری شائع کرتا ہے۔ یہ خبریں تحریر، آڈیوز اور ویڈیوز کی شکل میں شائع کی جاتی ہیں۔

آسان مشاہدہ