
موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ضلع کیچ کے تحصیل تمپ میں پاکستانی فورسز کی جانب سے آج اسکولوں، اسپتالوں اور دیگر کاروباری مراکز کو بند کر دیا گیا ہے، جبکہ شہریوں کو گھروں تک محدود رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
علاقائی ذرائع کے مطابق، علاقے میں مکمل کرفیو کا سماں ہے، مختلف راستوں اور اہم مقامات پر فوجی اہلکار تعینات ہیں، جہاں آمدورفت کرنے والے افراد کی سخت چیکنگ کی جا رہی ہے۔
اطلاعات کے مطابق، تعلیمی اداروں، اسپتالوں اور کاروباری مراکز کی بندش کے باعث معمولاتِ زندگی شدید متاثر ہوئے ہیں۔ جبکہ علاقے میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
زرمبش زرائع کے مطابق پاکستانی فورسز کو پہاڑی علاقوں کی جانب پیش قدمی کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔
زرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی فورسز کو گومازی، مزن بند و کلبر کے پہاڑی سلسلوں میں داخل ہوتے دیکھا گیا ہے۔ آج صبح مزن بند کے پہاڑی سلسلے کی جانب پاکستانی فورسز کے ہیلی کاپٹرز کو جاتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔
حکام کی جانب سے اس بابت تاحال کسی قسم کے بیانات سامنے نہیں آسکیں ہیں۔
