
بلوچستان کے مختلف اضلاع میں مسلح حملوں کے متعدد واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں جانی و مالی نقصانات کی اطلاعات ہیں۔
ذرائع کے مطابق ضلع ڈھاڈر میں تقریباً پندرہ موٹر سائیکلوں پر سوار تیس کے قریب مسلح افراد نے شہر میں داخل ہو کر ڈپٹی کمشنر آفس، پولیس تھانہ اور نادرا آفس پر حملے کیے۔ حملوں کے دوران ایک پولیس اہلکار ہلاک جبکہ تین دیگر زخمی ہوگئے۔
حملہ آوروں نے نادرا آفس اور تھانے میں کھڑی گاڑیوں کو بھی نذرآتش کر دیا۔
دوسری جانب نوشکی میں مسلح افراد کی جانب سے مل تھانے پر حملے کی اطلاع ملی ہے، جہاں فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا، جسے فوری طور پر ٹیچنگ ہسپتال نوشکی منتقل کر دیا گیا۔
ادھر ضلع خضدار کے علاقے زاوہ میں پاکستانی فورسز کے قافلے کو آئی ای ڈی دھماکے میں نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں ایک گاڑی ناکارہ ہوگئی۔ ذرائع کے مطابق گاڑی میں سوار اہلکاروں کے ہلاک و زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، تاہم سرکاری سطح پر تاحال تصدیق سامنے نہیں آئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی اسی مقام پر مسلح افراد کی بڑی تعداد نے ناکہ بندی کی تھی۔
