
بلوچستان کے مختلف علاقوں کوئٹہ، پنجگور، نال اور پسنی سے مزید 4 نوجوانوں کو پاکستانی فورسز اور خفیہ اداروں کی جانب سے حراست میں لئے جانے کے بعد جبری طور پر لاپتہ کیا گیا ہے۔ جبکہ ستمبر میں کوئٹہ سے لاپتہ ہونے والا ایک نوجوان بازیاب ہو کر گھر پہنچ گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے ساحلی علاقے تحصیل پسنی کے محلہ ببر شور، وارڈ نمبر ایک کے رہائشی جہانزیب ولد رحیم بخش کو ایک ہفتہ قبل رات تقریباً 2:00 بجے پاکستانی فورسز نے ان کے گھر پر چھاپہ مار کر حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔ جہانزیب بلوچستان یونیورسٹی سے ایم اے سائیکولوجی کے فارغ التحصیل ہیں۔
دوسری جانب پنجگور سے اطلاعات ہیں کہ تسپ سے تعلق رکھنے والے 30 سالہ عابد ارمان ولد علی احمد کو 18 نومبر 2026 کی صبح تقریباً 4:00 بجے گھر سے حراست میں لے کر جبری طور پر لاپتہ کیا گیا۔
کہا جا رہا ہے کہ عابد ارمان پیشے کے لحاظ سے زمیاد ڈرائیور ہیں اور ان کی جبری گمشدگی میں ایف سی اور ڈیتھ اسکواڈ کے اہلکاروں کے ملوث ہونے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
اسی طرح خضدار کے علاقے نال، استخلی سے تعلق رکھنے والے فاروق ولد عبداللہ کو 11 روز قبل پاکستانی فورسز نے حراست میں لے کر جبری طور پر لاپتہ کیا، جن کے بارے میں تاحال کوئی معلومات سامنے نہیں آ سکی ہیں۔
بلوچ یکجہتی کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ ڈیٹا کے مطابق کیچی بیگ کوئٹہ کے رہائشی 21 سالہ وحید بلوچ ولد شیر محمد کو 8 نومبر 2026 کی رات تقریباً 1:30 بجے سی ٹی ڈی (CTD) کے اہلکاروں نے حراست میں لے کر جبری طور پر لاپتہ کر دیا۔ وحید بلوچ پیشے کے اعتبار سے مدرسے کے استاد ہیں۔
جبکہ بلوچ یکجہتی کمیٹی کی ایک اور رپورٹ میں تصدیق کی گئی ہے کہ کیچی بیگ کوئٹہ ہی کے رہائشی صیام بلوچ ولد عبدالسلام کو 19 نومبر 2026 کو کوئٹہ میں رہا کر دیا گیا ہے۔ صیام بلوچ کو 26 ستمبر 2026 کو جبری طور پر لاپتہ کیا گیا تھا۔
متاثرہ خاندانوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے جبری گمشدگیوں کے تسلسل پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جہانزیب، عابد ارمان، فاروق اور وحید بلوچ سمیت تمام لاپتہ افراد کی فوری اور بحفاظت بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔
