
کراچی میں سی ٹی ڈی نے سندھو دیش لبریشن آرمی( ایس آر اے) کے 2 کارندوں کی گرفتاری کا دعویٰ کیا ہے۔
اپنے بیان میں سی ٹی ڈی ترجمان کا کہنا تھا کہ کراچی میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے نے مشترکہ کارروائی کے بعد سندھ لبریشن آرمی کے دو مبینہ کارندوں کو گرفتار کرلیاہے جن کے قبضے سے تیار آئی ای ڈی اور ایک ہینڈ گرنیڈ برآمد ہوا ہے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت مدد علی اور جنید علی عباسی کے نام سے ہوئی ہے۔ دوران تفتیش ملزمان نے انکشاف کیا کہ انہیں کالعدم تنظیم ایس ایل اے کی جانب سے عسکری تربیت فراہم کی گئی تھی، جبکہ آئی ای ڈی اور ہینڈ گرنیڈ بھی تنظیم نے فراہم کیے تھے۔
بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ گرفتار افراد ایس ایل اے کمانڈر دریا خان سے مسلسل رابطے میں تھے اور اس کی ہدایت پر کراچی پہنچے تھے۔ ملزمان نے شہر میں پولیس، رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اہم تنصیبات، عمارتوں اور دفاتر کی ریکی مکمل کر رکھی تھی اور اہلکاروں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف سی ٹی ڈی آپریشن تھانے میں دھماکہ خیز مواد رکھنے اور انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت دو مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔