
سابقہ کمانڈر انچیف بشیر زیب کے بعد بلوچ لبریشن آرمی نے باضابطہ طور پر اپنا نیا کمانڈر انچیف رحمان گل عرف مرید بلوچ کو منتخب کر لیا ہے۔
اس سے قبل بی ایل اے کے ترجمان جیئند بلوچ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ سابق کمانڈر انچیف بشیرزیب بلوچ تنظیم کے آئین کے مطابق سینئر کمانڈ کونسل کے فیصلے کے بعد مزید تنظیم کے سربراہ کے طور پر کام نہیں کریں گے۔
بیان کے مطابق نئے کمانڈر انچیف کے انتخاب تک تمام انتظامی، عسکری اور پالیسی ساز اختیارات باضابطہ طور پر بی ایل اے کے اعلیٰ ترین ادارے سینئر کمانڈ کونسل کے سپرد کردیئے گئے تھے، اور ترجمان کی جانب سے کہا گیا تھا کہ تمام محاذوں پر عسکری کارروائیاں بغیر کسی تعطل کے جاری رہیں گی۔
نئے کمانڈر انچیف کا علان کرتے ہوئے بلوچ لبریشن آرمی کے ترجمان جیئند بلوچ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بلوچ لبریشن آرمی کی سینئر کمانڈ کونسل نے باہمی مشاورت کے عمل اور بی ایل اے کی پوری قیادت و تمام کمانڈران کی مکمل تائید حاصل کرنے کے بعد، سینئر کمانڈر رحمان گل عرف مرید کو متفقہ طور پر نیا کمانڈر ان چیف منتخب کر لیا ہے۔
ترجمان نے بیان میں کہا کہ اس سے قبل، نئے کمانڈر ان چیف رحمان گل عرف مرید بی ایل اے کی سینئر کمانڈ کونسل کے رکن اور مجید بریگیڈ کے کمانڈر کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں سر انجام دے رہے تھے۔ آپ تنظیم کے اندر اہم عہدوں کی کمانڈ کرنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔
جیئند بلوچ نے بیان میں کہا ہے کہ بلوچ لبریشن آرمی اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ نئی قیادت کی سربراہی میں قومی آزادی کی یہ جدوجہد نئی توانائی اور پوری شدت کے ساتھ جاری رہے گی۔
