شائستہ نور کلمتی کی جبری گمشدگی بلوچ خواتین کو خوفزدہ کرنے اوربلوچ خاندانوں کو اجتماعی سزا دینے کی پالیسی کا حصہ ہے۔ بلوچ یکجہتی کمیٹی

بلوچ یکجہتی کمیٹی نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان میں ہر روز ریاستی فورسسز بدترین انسانی حقوق کے پامالیاں کر رہے ہیں، اور بلوچ نسل کشی کے تسلسل میں آئے روز شدت لائی جارہئ ہے۔ گوادر کے علاقے جیونی، پانوان میں 9 نومبر کی رات تقریباً ایک بجے 21 سالہ شائستہ نور کلمتی، دخترِ نور محمد کلمتی، کو گھر سے جبری طور پر اٹھا کر لاپتہ کر دیا گیا۔ شائستہ دل کے عارضے میں مبتلا ہیں، ان کی دل کی سرجری بھی ہو چکی ہے اور انہیں مسلسل علاج، ادویات اور طبی نگرانی کی ضرورت ہے۔ انہیں خون کی بیماری بھی لاحق ہے، جس کے باعث ان کی زندگی اور صحت کو فوری خطرات لاحق ہیں۔ ایک ایسی نوجوان خاتون کو، جس کی زندگی مسلسل طبی نگہداشت سے وابستہ ہے، گھر سے اٹھا کر تحویل میں رکھنا ان کی صحت، زندگی اور بنیادی حقوق کی سنگین پامالی ہے۔

انکا کہنا ہے کہ شائستہ نور کلمتی کو آج کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے عدالت میں پیش کیا جہاں سے انہیں ایک ہفتے کے جسمانی ریمانڈ پر بھیج دیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق، تقریباً دو سال قبل انہیں ایک نامعلوم ایف آئی آر میں نامزد کیا گیا تھا۔ اگر ان کے خلاف کوئی مقدمہ درج تھا تو قانون کے مطابق انہیں گرفتار کرکے بروقت عدالت میں پیش کیا جانا چاہیے تھا، نہ کہ رات کی تاریکی میں گھر پر چھاپہ مار کر انہیں زبردستی اٹھایا جاتا اور ان کے خاندان کو خوف و ہراس میں مبتلا کیا جاتا۔ کسی مقدمے میں نامزدگی کسی فرد کو جبری گمشدگی، غیر قانونی حراست یا اس کے بنیادی انسانی حقوق سلب کرنے کا جواز فراہم نہیں کرتی۔

انہوں نے کہا کہ شائستہ کی جبری گمشدگی واحد سانحہ نہیں بلکہ اس خاندان کو طویل عرصے سے مسلسل ریاستی دباؤ، چھاپوں اور اجتماعی سزا کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ 2 اپریل کو پاکستانی فورسز نے ان کے گھر کا محاصرہ کیا، تاہم اس وقت کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔ دو روز بعد فورسز پولیس کے ہمراہ دوبارہ رات کے وقت گھر پہنچیں اور اہلِ خانہ سے پوچھ گچھ کی۔ 16 اپریل کو دوبارہ گھر پر چھاپہ مار کر شائستہ کے بھائی سترہ سالہ علی اصغر کلمتی کو اپنے ساتھ لے جایا گیا، جو تاحال جبری گمشدگی کا شکار ہیں۔ اس کے محض تین روز بعد، 19 اپریل کی رات، فورسز ایک بار پھر گھر میں داخل ہوئیں اور خاندان کے واحد معاشی سہارے، تقریباً پچیس لاکھ روپے مالیت کے انجن کو اپنے ساتھ لے گئیں۔ عید کی رات بھی گھر پر فورسسز نے دھاوا ڈالا تاہم گھر میں صرف والدہ اور تین بہنیں موجود ہونے کے باعث اہلکار بغیر کسی کارروائی کے واپس چلے گئے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ جولائی کو خاندان کا گھر بھی مسمار کر دیا گیا، جس کے بعد گھر میں موجود بوڑھوں و بچوں کو عارضی پناہ کے لیے در بدر پھرنا پڑھا۔ ایک ہی بلوچ خادان سے ان کا گھر، روزگار کا واحد ذریعہ اور بیٹا اور بیٹی چھین لیے گئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آٹھ نومبر کو اہلکار ایک بار پھر گھر پہنچے، اہلِ خانہ پر تشدد کیا اور شائستہ کو اپنے ساتھ لے جانے کی کوشش کی، تاہم گھر والوں کی مداخلت کے باعث وہ اس وقت انہیں لے جانے میں کامیاب نہ ہو سکے۔ اگلی رات زیادہ نفری کے ساتھ دوبارہ چھاپہ مارا گیا۔ اس کارروائی میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (CTD) سے منسلک مرد و خواتین اہلکار سادہ لباس میں ملبوس تھے۔ اہلکاروں نے گھر کی تلاشی کے دوران توڑ پھوڑ کی، سامان کو نقصان پہنچایا اور خاندان کے موبائل فون بھی قبضے میں لے لیے، جبکہ شائستہ کو زبردستی اپنے ساتھ لے گئے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچ خواتین کو ان کے گھروں، تعلیمی اداروں اور روزمرہ زندگی میں خوف، ہراسانی اور جبری گمشدگیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ خواتین کو نشانہ بنانا، خاندانوں کو معاشی طور پر مفلوج کرنا، گھروں کو مسمار کرنا اور بچوں کو جبری طور پر لاپتہ کرنا بلوچستان میں ریاستی جبر اور اجتماعی سزا کی ایک منظم صورت اختیار کر چکا ہے۔ یہ اقدامات بلوچ معاشرے کو خوف، عدم تحفظ اور بے یقینی میں مبتلا رکھنے کی پالیسی کا حصہ ہیں۔ پانوان میں مسلسل چھاپوں، گھروں کی مسماری اور ہراسانی کے باعث مقامی آبادی کی زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے اور ہزاروں خاندان نقل مکانی پر مجبور ہوئے ہیں۔

‌‎
بلوچ یکجہتی کمیٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ شائستہ نور کلمتی کو فوری طور پر رہا کیا جائے، ان کی صحت اور زندگی کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور انہیں فوری طور پر مکمل طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ ان کی بیماریوں اور سابقہ دل کی سرجری کے پیشِ نظر علاج میں کسی قسم کی تاخیر ان کی زندگی کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔ علی اصغر کلمتی کو بھی فوری طور پر منظرِ عام پر لا کر بحفاظت بازیاب کیا جائے۔ اس خاندان کو مزید ہراسانی، دباؤ اور ریاستی جبری کارروائیوں سے تحفظ فراہم کیا جائے، جبکہ گھر کی مسماری، معاشی نقصان اور مسلسل چھاپوں کے ذمہ داروں کا احتساب کیا جائے۔

مدیر

نیوز ایڈیٹر زرمبش اردو

مدیر

نیوز ایڈیٹر زرمبش اردو

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

توجہ فرمائیں

زرمبش اردو

زرمبش آزادی کا راستہ

زرمبش اردو ، زرمبش براڈ کاسٹنگ کی طرف سے اردو زبان میں رپورٹس اور خبری شائع کرتا ہے۔ یہ خبریں تحریر، آڈیوز اور ویڈیوز کی شکل میں شائع کی جاتی ہیں۔

آسان مشاہدہ