
وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (VBMP) کے زیرِ اہتمام بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے خلاف کوئٹہ پریس کلب کے سامنے قائم احتجاجی کیمپ 6415ویں روز بھی جاری رہا۔
اس موقع پر سلمان بلوچ کی ہمشیرہ سعدیہ بلوچ نے وی بی ایم پی سے رابطہ کرکے بتایا کہ ان کے بھائی سلمان بلوچ کو 13 نومبر 2022 کو کوئٹہ سے مبینہ طور پر سیکیورٹی فورسز نے حراست میں لینے کے بعد جبری طور پر لاپتہ کردیا۔
انہوں نے کہا کہ سلمان کی بازیابی اور انصاف کے حصول کے لیے وہ مسلسل ملکی آئینی و قانونی اداروں کے دروازے کھٹکھٹاتی رہی ہیں، لیکن افسوس کہ اب تک کسی بھی ادارے نے انہیں انصاف فراہم کرنے اور ان کے بھائی کی بازیابی کے لیے مؤثر کردار ادا نہیں کیا، جس کے باعث ان کا خاندان شدید اذیت اور ذہنی کرب میں زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔ انہوں نے اپنے بھائی کی باحفاظت بازیابی کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ 13 نومبر کو سلمان بلوچ کی جبری گمشدگی کو چار سال مکمل ہو جائیں گے۔ اس مناسبت سے 14 نومبر کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (X) پر ایک آن لائن مہم چلائی جائے گی۔
انہوں نے تمام مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد سے اپیل کی کہ وہ اس مہم میں بھرپور شرکت کریں اور سلمان بلوچ سمیت تمام لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے اپنی آواز بلند کریں۔
وی بی ایم پی کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے سعدیہ بلوچ کو یقین دہانی کرائی کہ تنظیم 14 نومبر کی آن لائن مہم میں بھرپور حصہ لے گی اور سلمان بلوچ کی باحفاظت بازیابی کے لیے ہر ممکن آئینی و قانونی فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی۔
نصراللہ بلوچ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سلمان بلوچ سمیت تمام لاپتہ افراد کی فوری اور باحفاظت بازیابی یقینی بنائی جائے۔ اگر کسی لاپتہ شخص پر کوئی الزام ہے تو اسے منظرِ عام پر لاکر متعلقہ عدالت میں پیش کیا جائے اور آئین و قانون کے مطابق قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
