
بولان کے علاقے کچھی میں واقع ڈپٹی کمشنر آفس پر نامعلوم افراد کی جانب سے ہینڈ گرنیڈ حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں زور دار دھماکہ ہوا۔
ذرائع کے مطابق دھماکے کے بعد پولیس اور حملہ آوروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا، تاہم ملزمان رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر کارروائی شروع کر دی ہے۔
دوسری جانب بولان کے ہی علاقے حاجی شیر میں نامعلوم افراد نے ریلوے ٹریک پر دھماکہ خیز مواد نصب کر کے دھماکہ کیا، جس کے نتیجے میں ریلوے ٹریک مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق واقعے کے بعد ٹرینوں کی آمد و رفت معطل ہو گئی ہے، تاہم اس واقعے میں بھی کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
حکام کی جانب سے دونوں واقعات کی تحقیقات جاری ہیں۔
