
بلوچستان کے ضلع خضدار میں پولیس ٹیم پر مسلح افراد کے حملے میں لیڈی کانسٹیبل سمیت دو اہلکار ہلاک ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق واقعہ باغبان باجوئی کے علاقے میں پیش آیا، جہاں پولیس گھریلو چوری کے ملزمان کے تعاقب میں قائم خانزئی ایریا میں موجود تھی کہ اسی دوران نامعلوم مسلح افراد نے اچانک فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں پولیس اہلکار سمیع اللہ باجوئی اور ایک لیڈی کانسٹیبل ہلاک ہوگئے جبکہ ایڈیشنل ایس ایچ او محمد ابراہیم شیخ زخمی ہوئے ہیں۔
دوسری جانب ضلع مستونگ کے علاقے دشت کمبیلا میں آپریشن کے دوران شدید جھڑپ میں ایک پولیس اہلکار ہلاک ہوگیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک اہلکار کی شناخت ہیڈ کانسٹیبل رحمت اللہ خلجی کے نام سے ہوئی ہے جبکہ چھ اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی فورسز نے علاقے میں گھیراؤ کر کے آپریشن شروع کیا، تاہم پیش قدمی کے دوران مسلح افراد کی جانب سے شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا، جس کے باعث فائرنگ کا تبادلہ شدت اختیار کر گیا۔
اسی دوران دشت کنڈ مسوری کے مقام پر بھی مسلح افراد نے فورسز کے ایک کیمپ کو نشانہ بنایا جبکہ ڈغاری کے علاقے میں فورسز کی گاڑیوں پر حملے کی اطلاعات ہیں۔
علاقائی ذرائع کے مطابق مختلف علاقوں میں طویل وقت تک فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں سنائی دیتی رہیں، جبکہ سیکیورٹی صورتحال کشیدہ بتائی جا رہی ہے۔
