
بلوچستان کے ضلع بارکھان میں لہمہ زرین ناہڑ کوٹ روڈ پر پاکستانی فوج اور مسلح افراد کے درمیان شدید نوعیت کی جھڑپوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق آج صبح تقریباً گیارہ بجے شروع ہونے والی جھڑپیں تاحال جاری ہیں، جبکہ علاقے میں مسلسل شدید فائرنگ کی آوازیں سنی جا رہی ہیں۔
صورتحال کے پیش نظر مذکورہ شاہراہ کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے، جبکہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق جھڑپوں کے دوران پاکستانی فوج ایف سی کے اہلکار محمد آصف ہلاک ہوا ہے، جبکہ مزید ہلاکتوں کی بھی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق جھڑپ کے دوران مری قبیلے سے تعلق رکھنے والے ایک خانہ بدوش گھرانے کے تین افراد زخمی ہو گئے۔
زخمیوں میں زر بی بی زوجہ بلوچ خان، سرور ولد بلوچ خان اور ہزار خان ولد بلوچ خان شامل ہیں، جو پاکستانی فوج کے شدید فائرنگ سے زخمی ہوگئے ہیں۔ جنہیں فوری طور پر بارکھان ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
حکام کی جانب سے تاحال واقعے کی مکمل تفصیلات یا ہلاکتوں کی حتمی تعداد جاری نہیں کی گئی ہے۔
