
تربت کے علاقے گلشن آباد میں پاکستانی فورسز نے کارروائی کے دوران دو سگے بھائیوں کو حراست میں لیے جانے کے بعد جبری لاپتہ کردیا۔
اہلِ خانہ کے مطابق 28 فروری 2026 کو سحری کے وقت تقریباً صبح 4 بج کر 30 منٹ پر پاکستانی فورسز نے گلشن آباد میں کارروائی کرتے ہوئے ذکریا ولد حاجی محمد عوض اور ریحان ولد حاجی محمد عوض کو حراست میں لیا۔ اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ اس کارروائی کے بعد سے دونوں بھائیوں کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔
خاندان کے افراد کے مطابق دونوں بھائیوں کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا، تاہم تاحال کسی بھی سرکاری ادارے کی جانب سے ان کی گرفتاری یا مقامِ حراست کے بارے میں معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔
متاثرہ خاندان نے انسانی حقوق کی تنظیموں اور سیاسی جماعتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دونوں بھائیوں کی بازیابی کے لیے آواز بلند کریں اور ان کی محفوظ رہائی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
