
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور حادثات کے واقعات میں ایک بچے سمیت چار افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔
حب کے نواحی علاقے ساکران کے گاؤں خدابخش گوٹھ میں زمین کے تنازع پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق ہلاک افراد کی شناخت صابر اور شکیل کے نام سے ہوئی ہے جبکہ عرفان زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے منتقل کردیا گیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فریقین آپس میں قریبی رشتہ دار ہیں اور واقعہ زمین کے تنازع پر پیش آیا۔
واقعے کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
دوسری جانب ڈیرہ بگٹی میں کچھی کینال میں ڈوبنے سے ایک بچہ ہلاک ہوگیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق بچے کی لاش نکال کر ورثا کے حوالے کردی گئی۔
ادھر تربت کے علاقے آپسر میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک نوجوان ہلاک ہوگیا۔ پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت قاسم ولد نور بخش کے نام سے ہوئی ہے جن کا تعلق کولواہ سے بتایا جاتا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دو نامعلوم حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ لاش کو قانونی کارروائی کے لیے ٹیچنگ ہسپتال تربت منتقل کردیا گیا ہے جبکہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
