
برکت علی نے وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (وی بی ایم پی) سے رابطہ کر کے اپنے بھائی محمد رشید کی مبینہ جبری گمشدگی کے حوالے سے تنظیم کو آگاہ کیا ہے۔
برکت علی کے مطابق ان کے بھائی محمد رشید ولد مولا بخش، سکنہ ڈیرہ بگٹی، بی سی پولیس میں بطور سپاہی خدمات انجام دے رہے تھے۔ انہیں 2 فروری 2021 کو کوئٹہ سے مبینہ طور پر سیکیورٹی فورسز نے حراست میں لے کر لاپتہ کر دیا۔
انہوں نے بتایا کہ اپنے بھائی کی باحفاظت بازیابی کے لیے وہ متعدد بار حکومتی نمائندوں اور ضلعی انتظامیہ سے ملاقاتیں کر چکے ہیں، تاہم نہ تو ان کے بھائی کو بازیاب کرایا گیا اور نہ ہی ان کی خیریت کے بارے میں کوئی معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اس صورتحال کے باعث خاندان شدید ذہنی کرب اور اذیت میں مبتلا ہے اور ان کی زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔
وی بی ایم پی کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ محمد رشید کی مبینہ جبری گمشدگی کا فوری نوٹس لیا جائے اور ان کی باحفاظت بازیابی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان پر کوئی الزام ہے تو انہیں منظرِ عام پر لا کر عدالت میں پیش کیا جائے اور آئینی تقاضے پورے کیے جائیں، تاکہ متاثرہ خاندان کو طویل اذیت سے نجات مل سکے۔
