
بلوچستان میں حالیہ سیکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر کینیڈین مائننگ کمپنی بیرک گولڈ نے پاکستان کے اہم معدنیاتی منصوبے ریکوڈک کے تمام پہلوؤں کا ازسرِ نو جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق بیرک گولڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مارک ہِل نے کمپنی کی آمدنی سے متعلق کانفرنس کال میں بتایا کہ بلوچستان میں سیکیورٹی خدشات میں اضافے کے باعث بورڈ آف ڈائریکٹرز نے منصوبے کی سرمایہ کاری، تعمیراتی ٹائم لائن اور سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ شروع کر دیا ہے۔
مارک ہِل کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں منصوبے کے لیے مختص وسائل اور مختلف آپریشنل پہلوؤں کا دوبارہ تجزیہ ناگزیر ہو چکا ہے، جبکہ جائزہ مکمل ہونے کے بعد کمپنی اپنی آئندہ حکمتِ عملی سے متعلق آگاہ کرے گی۔
ریکوڈک منصوبہ ایک مشترکہ منصوبہ ہے، جس میں 50 فیصد حصص بیرک گولڈ، 25 فیصد وفاقی حکومت اور 25 فیصد حکومتِ بلوچستان کے پاس ہیں۔ یہ منصوبہ سونا اور تانبہ نکالنے کے حوالے سے پاکستان کے بڑے اور اسٹریٹجک معدنیاتی منصوبوں میں شمار ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ 30 نومبر 2025 کو بلوچستان لبریشن فرنٹ کے ذیلی ادارے سدو آپریشنل بٹالین (SOB) سے منسلک فدائین نے چاغی میں ایک غیر ملکی کمپاؤنڈ پر شدید حملہ کیا تھا۔ اس حملے کے حوالے سے تنظیم کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ اس کا مقصد بلوچستان کے معدنی وسائل کی مبینہ لوٹ مار میں ملوث غیر ملکی افراد کو نشانہ بنانا تھا۔ مذکورہ واقعے کے بعد بلوچستان میں کام کرنے والے غیر ملکی سرمایہ کاروں اور کمپنیوں میں تشویش کی فضا مزید گہری ہو گئی ہے۔
واضح رہے کہ ماضی میں بھی مقامی آبادی کی جانب سے ریکوڈک منصوبے پر تحفظات سامنے آتے رہے ہیں، جن میں زمین کے استعمال، وسائل سے حاصل ہونے والے فوائد کی منصفانہ تقسیم اور روزگار میں مقامی افراد کی شمولیت جیسے مسائل شامل ہیں۔
دوسری جانب حالیہ ہفتوں میں بلوچستان کے مختلف اضلاع میں سیکیورٹی واقعات کے بعد بعض مسلح تنظیموں کی جانب سے غیرملکی اور مقامی کمپنیوں کو بیانات کے ذریعے خبردار کیا گیا ہے کہ وہ علاقے میں جاری معدنیاتی منصوبوں سے دستبردار ہو جائیں۔ ان گروہوں کا مؤقف ہے کہ ایسے منصوبے مقامی آبادی کی رضامندی کے بغیر نافذ کیے جا رہے ہیں۔
بیرک گولڈ کا کہنا ہے کہ وہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور منصوبے کی سیکیورٹی، تعمیراتی شیڈول اور سرمایہ جاتی بجٹ سے متعلق تمام پہلوؤں کا جائزہ مکمل ہونے کے بعد آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔
