پاکستان اور افغانستان کا جنگ بندی برقرار رکھنے پر اتفاق، استنبول میں مذاکرات کا نیا دور 6 نومبر کو ہوگا

پاکستان اور افغانستان نے جنگ بندی کے تسلسل پر اتفاق کر لیا ہے۔ ترکی کے شہر استنبول میں ہونے والے مذاکرات کے بعد دونوں ممالک نے ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا ہے، جس کے مطابق جنگ بندی کے نفاذ کے قواعد و ضوابط آئندہ 6 نومبر کو استنبول میں ہونے والے اگلے مرحلے کے مذاکرات میں طے کیے جائیں گے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ فریقین نے جنگ بندی پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے نگرانی اور تصدیق کا ایک مشترکہ نظام تشکیل دینے پر بھی اتفاق کیا ہے، جو کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں ذمہ دار فریق پر جرمانہ عائد کرنے کا اختیار رکھے گا۔

افغانستان میں طالبان کی عبوری حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ استنبول مذاکرات ایک پیچیدہ مگر مثبت عمل تھا، جس میں طے پایا کہ دونوں فریق دوبارہ ملاقاتیں کر کے باقی مسائل پر غور کریں گے۔

اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ’امارت اسلامی افغانستان نے اپنے اصولی مؤقف کے مطابق، کہ مسائل کا حل سفارت کاری اور مفاہمت کے ذریعے ہے، برادر ممالک ترکی اور قطر کی ثالثی پر پاکستانی فریق کے ساتھ کئی روز تک استنبول میں گفتگو کی۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ امارت اسلامی افغانستان دیگر ہمسایہ ممالک کی طرح پاکستان کے ساتھ بھی مثبت تعلقات چاہتی ہے اور ’باہمی احترام، داخلی امور میں عدم مداخلت اور کسی کے لیے خطرہ نہ بننے‘ کے اصولوں پر مبنی تعلقات کی پابند ہے۔

پاکستان کے وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے تصدیق کی ہے کہ استنبول مذاکرات میں اس بات پر اتفاق ہوا ہے کہ اگر کسی فریق کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی گئی تو سزا یا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں طالبان کی عبوری حکومت پر قیام امن اور دہشتگردی کے خاتمے کی بھاری ذمہ داری عائد ہوئی ہے، اور اس مقصد کے لیے ایک مشترکہ ویریفیکیشن سسٹم تشکیل دیا گیا ہے۔

ان کے مطابق ’خلاف ورزی کرنے والے فریق پر نہ صرف سزا عائد ہوگی بلکہ اسے شدت پسند گروہوں کے خلاف واضح اور مؤثر کارروائی کرنا ہوگی۔‘

عطا اللہ تارڑ نے مزید بتایا کہ 6 نومبر کو فریقین دوبارہ ملاقات کریں گے تاکہ عملدرآمد کے طریقہ کار اور نگرانی کے نظام کو حتمی شکل دی جا سکے۔

ترکی اور قطر کی ثالثی میں ہونے والے یہ مذاکرات خطے میں امن کے فروغ اور سرحدی کشیدگی کے خاتمے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔ مبصرین کے مطابق اگر طے شدہ جنگ بندی پر مؤثر عمل درآمد ممکن ہوا تو یہ پاکستان اور افغانستان کے تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز ثابت ہو سکتا ہے۔

مدیر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Next Post

کیچ میں فائرنگ سے دو افراد ہلاک، پنجگور سے تین نوجوان جبری طور پر لاپتہ

جمعہ اکتوبر 31 , 2025
بلوچستان کے ضلع کیچ میں دو مختلف واقعات میں دو افراد ہلاک ہو گئے جبکہ پنجگور سے تین نوجوانوں کے جبری لاپتہ کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بلیدہ کے علاقے میناز میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے علی ولد سعید کو موقع پر ہی ہلاک کر دیا۔عینی […]

توجہ فرمائیں

زرمبش اردو

زرمبش آزادی کا راستہ

زرمبش اردو ، زرمبش براڈ کاسٹنگ کی طرف سے اردو زبان میں رپورٹس اور خبری شائع کرتا ہے۔ یہ خبریں تحریر، آڈیوز اور ویڈیوز کی شکل میں شائع کی جاتی ہیں۔

آسان مشاہدہ