
بلوچستان کے ضلع قلات اور مستونگ میں پاکستانی فوج کو دو مختلف حملوں میں نشانہ بنایا گیا ہے، جس کے نتیجے میں فورسز کی گاڑیوں اور فوجی تنصیبات کو بھاری نقصان اور متعدد اہلکاروں کی ہلاکت و زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں ہیں۔
ذرائع کے مطابق پہلا واقعہ ضلع قلات کے علاقے منگوچر میں پیش آیا، جہاں پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی دو گاڑیوں پر پہلے سے گھات لگائے مسلح افراد نے شدید حملہ کیا۔
اطلاعات کے مطابق اس حملے میں مسلح افراد کی جانب سے جدید ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا، جس سے فورسز کی گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا اور جانی نقصان کا قوی خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب، ضلع مستونگ کے علاقے کھڈکوچہ میں قائم پاکستانی فورسز کے مرکزی کیمپ کو FPV (فرسٹ پرسن ویو) ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق ڈرون حملوں میں کیمپ کے اندر موجود فورسز کی ایک بکتر بند گاڑی اور دیگر متعدد گاڑیوں کو براہِ راست نشانہ بنا کر شدید نقصان پہنچایا گیا۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ کھڈکوچہ کے اسی مرکزی ملٹری کیمپ کو دو دن قبل بھی ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا گیا تھا، جس کے بعد کیمپ کے اطراف سیکیورٹی کی سطح انتہائی سخت کر دی گئی تھی، تاہم اس کے باوجود فورسز کی تنصیبات پر دوبارہ کامیاب حملہ کیا گیا ہے۔
واقعات کے بعد دونوں علاقوں میں فورسز کی اضافی نفری پہنچ گئی ہے اور علاقے کو محاصرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
حملوں کی ذمہ داری تاحال کسی بھی مسلح تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔