
تربت: آسکانی آبسر سے 24 اکتوبر کی شب مبینہ طور پر حراست میں لیے گئے تین افراد تاحال لاپتہ ہیں، جن کے اہلِ خانہ نے متعلقہ حکام سے ان کی فوری بازیابی اور ان کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کیل کور کے رہائشی اور حالیہ طور پر آسکانی آبسر میں مقیم تلاؤ ولد ناگمان، محمد حیات ولد بابل اور چارشمبے ولد شمبے کو مبینہ طور پر 24 اکتوبر کی رات تقریباً 8 بجے آسکانی آبسر، تربت سے حراست میں لیا گیا تھا۔
پیر جان ولد تلاؤ نے خاندان کے دیگر افراد کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ لواحقین کے مطابق تینوں افراد کو گاڑی اور دیگر سامان سمیت اپنے ساتھ لے جایا گیا۔ اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس سلسلے میں تمام متعلقہ سرکاری حکام سے ملاقاتیں کیں اور میڈیا کے ذریعے بھی آواز اٹھائی، تاہم تاحال تینوں افراد کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں اور نہ ہی ان کی بازیابی عمل میں آسکی ہے۔
لواحقین نے ایک بار پھر ڈپٹی کمشنر کیچ، ڈی پی او کیچ اور کمشنر مکران سے اپیل کی ہے کہ وہ معاملے کا فوری نوٹس لیں، تینوں افراد کے بارے میں معلومات فراہم کریں اور ان کی بحفاظت بازیابی کے لیے فوری اقدامات اٹھائیں۔
